آئندہ 2 سال کیلئے کسی دلت کو چیف منسٹر بنائیے

   

دلتوں کو چیف منسٹر کے آخری قطرہ خون کی ضرورت نہیں ۔ کانگریس ترجمان شراون کمار

حیدرآباد ۔ 28 اگست (سیاست نیوز) آل انڈیا کانگریس کے ترجمان ڈی شراون کمار نے دلتوں کے لئے آخری قطرہ خون تک کام کرنے کا اعلان کرنے والے چیف منسٹر کے سی آر کو مشورہ دیا دلتوں کو ان کے خون کی ضرورت نہیں ہے۔ آئندہ 2 سال تک چیف منسٹر کا عہدہ کسی دلت کو دے دیں،وہ کافی ہے۔ انہوں نے آج گاندھی بھون میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی ناکامیوں پر پردہ ڈالنے اور حضورآباد میں کامیابی حاصل کرنے کیلئے چیف منسٹر کے سی آر دلتوں کے مسئلہ پر مگرمچھ کے آنسو بہارہے ہیں۔ اگر انہیں واقعی دلتوں سے ہمدردی ہے تو تلنگانہ تحریک کے دوران جو وعدہ کیا تھا اس کو پورا کرتے ہوئے کم از کم آئندہ 2 سال کیلئے کسی دلت قائد کو چیف منسٹر بنادیں۔ شراون کمار نے کہا کہ بجٹ میں بچ جانے والے 65 ہزار کروڑ روپئے دلتوں کے سب پلان کے تحت فوری جاری کردیں۔ انہوں نے کے ٹی آر کو سخت جواب دیتے ہوئے کہا کہ اب تک چیف منسٹر کے سی آر کے غیرپارلیمانی ریمارکس کو برداشت کیا گیا۔ آئندہ سے ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا بلکہ اینٹ کا جواب پتھر سے دیا جائے گا۔ انہوں نے صحافی و سماجی جہدکار تین مارملنا کو گرفتار کرنے کی سخت مذمت کرتے ہوئے حقائق کو منظرعام پر لانے والوں کی آواز دبانے کی کوشش کرنے کا الزام عائد کیا۔ کانگریس کے قومی ترجمان نے کہا کہ ریاست میں 2 لاکھ سرکاری جائیدادیں مخلوعہ ہیں۔ ان پر تقررات کیا جائے تو 40 ہزار دلت طبقات کو روزگار حاصل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ تحریک کے دوران 1200 افراد نے اپنی زندگیاں قربان کی ہے۔ تاہم صرف 500 مہلوکین کے ورثہ کو معاوضہ ادا کرتے ہوئے ماباقی 700 مہلوکین کے ورثہ کو نظرانداز کردیا گیا۔ N