آئندہ 24 گھنٹوں میں تلنگانہ میں غیر موسمی بارش کا امکان

   

حیدرآباد۔21فروری(سیاست نیوز) آئندہ 24 گھنٹوں میں ریاست کے 18 اضلاع میں غیر موسمی بارش کی پیش قیاسی کرکے محکمہ موسمیات نے کہا کہ 23 فروری سے حیدرآباد وسکندرآباد و کئی اضلاع میں بارش کا سلسلہ شروع ہوجائے گا اور درجہ حرارت میں نمایاں کمی آئیگی۔ محکمہ موسمیات کے اعلامیہ کے مطابق شہر حیدرآبا دکے علاوہ رنگاریڈی ‘ ملکا جگری میڑچل ‘ وقار آباد‘ پدا پلی ‘ عادل آباد‘ کمرم بھیم آصف آباد‘ کریم نگر ‘ جگتیال ‘ راجنا سرسلہ ‘ کاماریڈی ‘ جنگاؤں‘ ورنگل ‘ محبوب آباد‘ سدی پیٹ‘ میدک ‘ سنگاریڈی ‘ کاماریڈی ‘ بھوپال پلی ‘ نرمل ‘ منچریال ‘ و دیگر مقامات پر جہاں بارش کی پیش قیاسی کی گئی ہے کہا جا رہاہے کہ غیر موسمی بارشوں کے ساتھ ژالہ باری کا بھی امکان ہے ۔ پیش قیاسی کے ساتھ ہی ماہرین موسمیات نے زرعی شعبہ کیلئے احتیاطی تدابیر کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ کسانوں اور کاشتکاروں کو اپنی فصلوں کی حفاظت کیلئے اقدامات کرنے چاہئے کیونکہ غیر موسمی بارش سے فصلوں کو شدید نقصان کا خدشہ ہے۔ موسم گرما میں شدت کے دوران اچانک غیر موسمی بارشوں کی پیش قیاسی کے ساتھ محکمہ موسمیات نے دعویٰ کیا کہ دونوں شہروں میں درجہ حرارت میں کمی ریکاڈر کی جائے گی اور آئندہ دو یوم کے دوران درجہ حرارت 30 ڈگری تک گرنے کا امکان ہے۔ بتایا گیا کہ دونوں شہروں میں گذشتہ 24 گھنٹوں سے درجہ حرارت میں گراوٹ کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے اورہفتہ 21فروری کو شہر کے کئی مقامات پر درجہ حرارت 31ڈگری تک ریکارڈ کیاگیا ہے جبکہ دونوں شہروں کے علاوہ اطراف میں مطلع ابرآلود ہونے کے سبب گرمی کی شدت میں کمی ریکارڈ کی گئی ۔محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں میں مذکورہ 18 اضلاع بشمول حیدرآباد میں کم سے کم درجہ حرارت 20 ڈگری ریکارڈ کئے جانے کا امکا ن ہے اور درجہ حرارت میں گراوٹ کے ساتھ موسم انتہائی خوشگوار ہوجائے گا۔3