میٹرو ریل پراجکٹ کے کاموں میں تیزی کی ہدایت، حیدرآباد کو آلودگی سے پاک بنانے کا منصوبہ، چیف منسٹر کا جائزہ اجلاس
موسی ریور فرنٹ پراجکٹ کا جلد آغاز، میرعالم ٹینک کو سیاحتی مرکز میں تبدیل کرنے کی منصوبہ بندی، تاریخی مقامات کا تحفظ
حیدرآباد۔ 29 جولائی (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے حیدرآباد کو ماحولیاتی آلودگی سے پاک شہر میں تبدیل کرنے کی عہدیداروں کو ہدایت دی اور اس سلسلہ میں جامع منصوبہ سازی کا مشورہ دیا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ دہلی، ممبئی اور چینائی جیسے شہروں میں بڑھتی آلودگی کے سبب عوام کو مشکلات کا سامنا ہے۔ حیدرآباد کو ایسی صورتحال سے بچانے کی ضرورت ہے۔ چیف منسٹر نے شہر کے مرکز میں واقع آلودگی کا سبب بننے والی صنعتوں کو آؤٹر رنگ روڈ کے باہر منتقل کرنے کی ہدایت دی۔ چیف منسٹر نے آج کمانڈ کنٹرول سنٹر میں بلدی نظم نسق و شہری ترقی کے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کیا۔ چیف منسٹر نے آئندہ 25 برسوں کی ضروریات کو پیش نظر رکھتے ہوئے بنیادی انفرااسٹرکچر اور حیدرآباد کی جامع ترقی کا منصوبہ تیار کرنے کی ہدایت دی۔ دہلی، ممبئی اور چینائی جیسے شہروں کے مسائل کا جائزہ لیتے ہوئے یہ منصوبہ تیار کیا گیا ہے۔ چیف منسٹر نے انڈر گراؤنڈ ڈرینیج اور برقی کے انڈر گراؤنڈ کیبل سسٹم پر خاص توجہ دینے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ تمام محکمہ جات مشترکہ طور پر اشتراک کے ذریعہ تفصیلی پراجکٹ رپورٹ تیار کریں۔ انہوں نے پلاسٹک کے استعمال پر مکمل پابندی عائد کرنے اور تعمیری ملبے کو شہر میں کہیں بھی ڈمپ کرنے کی صورت میں سخت کارروائی کا انتباہ دیا۔ چیف منسٹر نے حیدرآباد میں پینے کے پانی اور سیوریج سسٹم کو عصری خطوطپر استوار کرنے، حیدرآباد میٹرو واٹر ورکرس اینڈ سیوریج بورڈ کو اپنے وسائل کا موثر استعمال کرنے کے لئے حکمت عملی تیار کرنے کی ہدایت دی۔ آؤٹر رنگ روڈ حدود میں واقع تاریخی عمارتوں کے تحفظ اور انہیں سیاحتی مقامات میں تبدیل کرنے کے لئے قلی قطب شاہ اربن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کے گائیڈ لائنس میں ترمیم کرنے کی ہدایت دی۔ چیف منسٹر نے پرانے شہر میں جاری میٹرو ریل پراجکٹ اور کاموں کی پیشرفت کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ متعلقہ علاقوں میں فنڈس جاری کئے جاچکے ہیں لہذا کاموں میں تیزی پیدا کی جائے۔ میٹرو کے آئندہ مراحل میں کسی قسم کی تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی ۔مرکزی وزارت شہری ترقی سے اشتراک کے ذریعہ میٹرو ریل پراجکٹ کے کاموں کا جلد آغاز ہوگا۔ چیف منسٹر نے پیراڈائیز جنکشن سے شاہ میرپیٹ آؤٹر رنگ روڈ تک ایلیویٹیڈ کوریڈار کے کاموں میں تیزی پیدا کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے موسی ریور فرنٹ کے کاموں میں تیزی لانے کا مشورہ دیا۔ خاص طور پر حمایت ساگر سے گاندھی سروور تک آؤٹر رنگ روڈ سے موسی ندی کی طرف آنے والی راہداری میں کوتوال گوڑہ جنکشن پر انڈیا گیٹ، گیٹ وے آف انڈیا یا چارمینار کی طرز پر نمایاں علامت تعمیر کی جائے گی۔ موسی ندی پر نئے پلوں کی تعمیر کے منصوبہ کا جائزہ لیتے ہوئے چیف منسٹر نے عہدیداروں سے اس سلسلہ میں پیشرفت کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ درکار اجازت نامے اور قواعد پر مکمل طور پر عمل کیا جائے ۔ نہرو زوالوجیکل پارک اور میر عالم ٹینک کے ترقیاتی منصوبہ کا چیف منسٹر نے جائزہ لیا۔ میر عالم ٹینک کے قریب ایس ٹی پی پلانٹس کو مکمل صلاحیت کے مطابق کارکرد بنانے کی ہدایت دی۔ سیاحوں کے لئے ایک جدید ہوٹل تعمیر کرنے کی تجویز پیش کی تاکہ زو پارک، میر عالم ٹینک اور شہر کا مشاہدہ کرنے والے قیام کرسکیں۔ اجلاس میں چیف منسٹر کے مشیر وی نریندر ریڈی، اسپیشل چیف سکریٹری جیش رنجن، چیف منسٹر کے سکریٹری مانک راج، سکریٹری بلدی نظم و نسق ایلمبرتی، ایچ ایم ڈی اے کمشنر سرفراز احمد، کمشنر جی ایچ ایم سی آر وی کرنن، مینیجنگ ڈائرکٹر حیدرآباد واٹر ورکس اشوک ریڈی، منیجنگ ڈائرکٹر میٹرو ریل این وی ایس ریڈی اور دیگر عہدیداروں نے شرکت کی۔ 1