آئندہ 3 برسوں میں ہر مستحق کو مکان کی فراہمی : سرینواس ریڈی

   

حیدرآباد 9 ستمبر (سیاست نیوز) وزیر ہاؤزنگ پی سرینواس ریڈی نے کہاکہ آئندہ 3 برسوں میں اندراماں ہاؤزنگ کے تحت ہر مستحق خاندان کو مکان الاٹ کیا جائے گا۔ سرینواس ریڈی نے کھمم کے پالیرو اسمبلی حلقہ میں مختلف ترقیاتی کاموں کا افتتاح انجام دیا۔ اِس حلقہ میں 20 لاکھ کے صرفہ سے تعمیر کردہ پنچایت دفتر کا افتتاح کرنے کے علاوہ اُنھوں نے 1.33 کروڑ سے سڑکوں کی تعمیر کا آغاز کیا۔ عوام سے خطاب کرتے ہوئے سرینواس ریڈی نے کہاکہ معاشی دشواریوں کے باوجود کانگریس حکومت انتخابی وعدوں کی تکمیل کے اقدامات کررہی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ فلاحی اسکیمات پر عمل آوری میں تلنگانہ حکومت ملک کی مثالی ریاست بن چکی ہے۔ آئندہ 3 برسوں میں اندراماں ہاؤزنگ کے تحت کوئی بھی مستحق خاندان مکان سے محروم نہیں رہے گا۔ اُنھوں نے کہاکہ ریاست بھر میں اسکیم کے تحت 4.5 لاکھ مکانات کی تعمیر کا منصوبہ ہے۔ کئی اضلاع میں مکانات کی تعمیر کا آغاز ہوچکا ہے۔1