شہر اور اضلاع میں رات کے وقت درجہ حرارت میں کمی
حیدرآباد۔13 ۔اکٹوبر(سیاست نیوز) تلنگانہ میں آئندہ تین یوم کے دوران گھن گرج اورچمک کے ساتھ موسلادھار بارشوں کی پیش قیاسی کی گئی ہے اور محکمہ موسمیات کی جانب سے کی جانے والی اس پیش قیاسی میں کہا گیا ہے کہ دونوں شہروں حیدرآبادو سکندرآباد کے علاوہ ریاست کے دیگر اضلاع میں بھی بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔ شہر حیدرآباد کے علاوہ جن اضلاع میں بارشوں کے امکانات ظاہر کئے جا رہے ہیں ان میں ضلع رنگاریڈی ‘ ملکاجگری میڑچل‘ عادل آباد‘ کمرم بھیم آصف آباد‘ بھدادری کتہ گوڑم ‘ محبوب آباد‘ ورنگل ‘ ہنمکنڈہ ‘ جنگاؤں‘ وقار آباد‘ سنگاریڈی ‘ ناگرکرنول ‘ونپرتی کے علاوہ دیگر اضلاع شامل ہیں۔محکمہ موسمیات کے عہدیداروں کے مطابق آئندہ تین یوم کے دوران دونوں شہروں حیدرآبادوسکندرآباد کے علاوہ ریاست کے مختلف اضلاع میں بارش ریکارڈ کی جائے گی اور درجہ حرارت میں گراوٹ بھی ریکارڈ کئے جانے کا امکان ہے۔ماہرین موسمیات کے مطابق گذشتہ دو یوم سے دونوں شہروں کے علاوہ نواحی علاقوں میں درجہ حرارت میں رات کے اوقات میں گراوٹ دیکھی جا رہی ہے جبکہ دن کے اوقات میں موسم معمول کے مطابق رہنے لگا ہے ۔ بتایاجاتا ہے کہ دونوں شہروں میں موسمی تبدیلی کے اثرات نمایاں ہونے لگے ہیں اور سردیوں کے موسم کا آغاز ہورہا ہے جس کے نتیجہ میں رات کے اوقات میں درجہ حرارت میں گراوٹ ریکارڈ کئے جانے کے علاوہ ہواؤں میں خنکی پیدا ہونے لگی ہے اور صبح کی اولین ساعتوں میں موسم سرد رہنے لگا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ آئندہ تین یوم کے دوران ہونے والی بارشوں کے دوران بجلی چمکنے کے علاوہ تیز ہوائیں چلنے کے بھی امکانات ظاہر کئے جا رہے ہیں اور کہا جارہا ہے کہ مذکورہ اضلاع میں 30تا40 کیلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں ریکارڈ کی جاسکتی ہیں۔3