آئندہ 48 گھنٹوں میں شدید بارش کی پیش قیاسی

   

حیدرآباد 2 ستمبر ( سیاست نیوز) محکمہ موسمیات نے آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران تلنگانہ میں کچھ مقامات پر بھاری بارش کی پیش قیاسی کی ہے ۔ محکمہ نے بتایا کہ عادل آباد ‘ نرمل ‘ منچریال ‘ کمارم بھیم ‘ نظام آباد‘ میدک ‘ سدی پیٹ ‘ کاماریڈی ‘ راجنا سرسلہ ‘ پیدا پلی ‘ جگتیال ‘ ورنگل ( اربن و رورل ) ‘ ملگ ‘ بھدرادری کتہ گوڑم ‘ کھمم ‘ محبوب نگر ‘ نلگنڈہ اور سوریا پیٹ میں شدید بارش کے اندیشے ظاہر کئے ہیں۔ حیدرآباد اور اطراف میں مطلع عام طور پر ابر آلود رہے گا اور ایک یا دو موقعوں پر بارش یا گرج چمک ہوسکتی ہے ۔ اعظم ترین درجہ حرارت 28 ڈگری سلسئیس اور اقل ترین 22 ڈگری سلسئیس کے آس پاس ہوسکتا ہے ۔ اس دوران جنوب مغربی مانسون تلنگانہ پر سرگرم ہے ۔ کاماریڈی میں کچھ مقامات پر شدید بارش ہوئی ہے جبکہ ورنگل رورل میں اور سرسلہ و محبوب آباد اضلاع میں بھی کچھ مقامات پر بہت زیادہ بارش ریکارڈ کی گئی ۔ تلنگانہ میں کئی مقامات پر بارش ہوئی ہے اور سب سے زیادہ 14 سنٹی میٹر بارش کاماریڈی ضلع میں گندھاری کے مقام پر ریکارڈ کی گئی ۔