محکمہ موسمیات کی پیش قیاسی ۔ تیز رفتار ہواوں کا بھی امکان
حیدرآباد۔ ریاست بھر میں آئندہ 48 گھنٹوں تک شدید بارش کا سلسلہ جاری رہے گا ۔ کہا گیا ہے کہ موسمی تبدیلیوں کی وجہ سے بارش کا سلسلہ جاری رہے گا اور یہ شدید بارش ہوگی ۔ شمالی ساحلی اوڈیشہ میں ہوا کے دباو میں کمی اور طوفانی حالات مغرب سے شمال مغرب کی سمت آگے بڑھ رہے ہیں اور اس کے اثر سے ریاست بھر میں آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران شدید بارش ہوگی ۔ محکمہ موسمیات کے بموجب شدید سے بہت زیادہ شدید اور طوفانی بارش تلنگانہ میں کچھ مقامات پر ہوسکتی ہے ۔ اس کے علاوہ تیز ہوائیں بھی چل سکتی ہیں۔ گرج چمک کا بھی امکان ہے ۔ محکمہ موسمیات کے ایک عہدیدار نے کہا کہ جنوب مغربی مانسون ریاست میں خاصا سرگرم ہے جس کے نتیجہ میں ورنگل رورل اور ورنگل اربن میں شدید بارش ہوئی ہے ۔ کریمنگر ‘ جئے شنکر بھوپال پلی ‘ بھدرا دری کتہ گوڑم ‘ محبوب آباد اور سدی پیٹ میں بہت زیادہ شدید بارش ہوئی ہے جبکہ پیدا پلی ‘ راجنا سرسلہ اور منچریال میں شدید بارش ہوئی ہے ۔ عہدیدار نے بتایا کہ آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران بھی ایسی ہی صورتحال رہے گی ۔ محکمہ موسمیات نے کہا کہ 19 اگسٹ سے بھی شمالی خلیج بنگال اور اطراف کے علاقوں میں ہوا کے دباو میں کمی ہوسکتی ہے جس سے بارش بھی ممکن ہے ۔