آئندہ 48 گھنٹے تک چوکسی کیلئے کلکٹرس کو چیف سکریٹری کی ہدایت

   

Ferty9 Clinic

چار ہیلی کاپٹرس اور 10 امدادی ٹیمیں تیار، ضلع کلکٹرس اور پولیس عہدیداروں سے ٹیلی کانفرنس
حیدرآباد ۔28۔ جولائی (سیاست نیوز) چیف سکریٹری شانتی کماری نے ضلع کلکٹرس ، ایس پی اور دیگر محکمہ جات کے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ ٹیلی کانفرنس منعقد کرتے ہوئے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بچاؤ اور راحت کے کاموں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ موسمیات کی پیش قیاسی کے مطابق مزید دو دنوں تک ریاست بھر میں چوکسی برقرار رہے گی۔ چیف سکریٹری کے مطابق این ڈی آر ایف کی ٹیموں کو کھمم ٹاؤن نے بچاؤ کاموں میں مدد کیلئے روانہ کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ برگم پہاڑ علاقہ میں پھنسے ہوئے افراد کو نکالنے کیلئے ہیلی کاپٹر کی مدد حاصل کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ریلوے اسٹیشنوں اور بس اسٹیشنوں میں پھنسے ہوئے مسافرین کے لئے امدادی اشیاء کا انتظام کیا جائے۔ متاثرین کو بیڈ شیٹس اور بلانکٹس کے علاوہ ادویات تقسیم کی جائیں۔ چیف سکریٹری نے جانی اور مالی نقصانات کو روکنے پر خصوصی توجہ کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ چند دنوں تک تمام محکمہ جات کو ایک ٹیم کی طرح کام کرنا چاہئے ۔ ضلع کلکٹرس ، کمشنر پولیس اور ایس پی کو اپنے متعلقہ ضلع ہیڈ کوارٹر میں قیام کرتے ہوئے صورتحال پر نظر رکھنی چاہئے ۔ عوام کو احتیاطی تدابیر کے بارے میں باخبر کیا جائے۔ چیف سکریٹری کے مطابق 108 متاثرہ مواضعات سے 10,000 سے زائد افراد کو محفوظ مقامات منتقل کیا گیا۔ بھوپال پلی میں 600 افراد اور پدا پلی میں پانی میں گھرے ہوئے 19 ورکرس کو بچالیا گیا ہے۔ فوجی ہیلی کاپٹر کے ذریعہ مورم پلی گاؤں سے 6 افراد کو محفوظ مقامات منتقل کیا گیا۔ مزید بارش کی صورت میں 4 ہیلی کاپٹرس اور این ڈی آر ایف کی 10 ٹیموں کو تیار رکھا گیا ہے۔ ڈائرکٹر جنرل پولیس انجنی کمار کے مطابق پولیس انتظامیہ نے 7000 سے زائد افراد کو محفوظ مقامات منتقل کیا گیا ہے۔ ریاست کے 85 علاقوں میں قومی شاہراہوں اور ریاستی شاہراہوں کو نقصان پہنچا۔ سڑکوں کی مرمت کا کام شروع کردیا گیا ہے۔ اسپیشل چیف سکریٹری فینانس رام کرشنا راؤ کے مطابق بچاؤ راحت کے کاموں کے لئے ضلع کلکٹرس کو فنڈس کے استعمال کے اختیارات دیئے گئے ہیں۔