محکمہ موسمیات سے ریاست اور شہر کیلئے زرد الرٹ جاری
حیدرآباد21 ستمبر(سیاست نیوز) دونوں شہروں میں آئندہ 5یوم میںہلکی ‘ تیز یا شدید بارش کے امکانات ہیں اور محکمہ موسمیات سے تلنگانہ کے بیشتر اضلاع و دونوں شہروں حیدرآباد وسکندرآباد کیلئے ’زرد الرٹ‘ جاری کیا ہے ۔ کہا جار ہاہے کہ 21 ستمبر کی رات دیر گئے سے شہر میں آئندہ 5یوم ہلکی اور تیز بارش جاری رہنے کا امکا ن ہے۔ تلنگانہ کے شمالی اضلاع کے علاوہ بعض جنوبی اضلاع میں بھی گذشتہ شب سے بارش جاری ہے اور آئندہ 5یوم میںبارشوں کی پیش قیاسی کی گئی ہے۔خلیج بنگال میں ہوا کے دباؤ میں کمی کے علاوہ مطلع ابرآلود رہنے کے نتیجہ میں مانسون کی آخری بارشوں میں شدت کے خدشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا کہ جاریہ ہفتہ دونوں شہروں میں بھی موسلادھار بارش ہوسکتی ہے لیکن مسلسل بارش کے امکانات نہیں ہیں ۔ اگر بارشوں کا سلسلہ شروع ہوتا ہے تو وقفہ وقفہ سے بارشوں کا امکان ہے۔ خانگی ماہرین نے بھی تلنگانہ کے بیشتر اضلاع میں بارشوں کی پیش قیاسی کی اور کہا کہ اضلاع میں جاری بارشوں کا رخ شہر کی سمت ہونے میں وقت نہیں لگے گا جبکہ بارشوں کے ساتھ گھن ‘گرج اور چمک کی بھی پیش قیاسی کی گئی ہے۔ خانگی ماہرین موسمیات کے مطابق آئندہ 5یوم میں شہر میں مطلع ابرآلود رہے گا اور درجہ حرارت میں گراوٹ ریکارڈ کی جائیگی۔درجہ حرارت میں گراوٹ کے سلسلہ میں ماہرین موسمیات کا کہناہے کہ آئندہ 5یوم درجہ حرارت 30تا32 ڈگری ریکارڈ ہوسکتا ہے۔