آئیل ٹینکر پر حملہ کا جواب دیا جائیگا : ایران

   

تہران 12 اکٹوبر ( سیاست ڈاٹ کام ) ایران نے آج اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اپنے آئیل ٹینکرس پر حملہ کو نظر انداز نہیں کریگا جو سعودی عرب کے ساحل پر کیا گیا تھا ۔ ایران کے نیم سرکاری خبر رساں ادارہ نے یہ اطلاع دی ہے ۔ کہا گیا ہے کہ سکریٹری سپریم نیشنل سیکیوریٹی کونسل علی شام خوانی نے کہا کہ یہ پتہ چلانے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ اس میزائیل حملے کیلئے کون ذمہ دار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بحری قزاقی اور بین الاقوامی آبی حدود میں اس طرح کی حرکتوں کا جواب ضرور دیا جائیگا ۔ انہوں نے کہا کہ جو ویڈیو دستیاب ہے اس کا جائزہ لینے کے علاوہ انٹلی جنس شواہد جمع کئے جائیں گے اور ابتدائی سراغ پر غور کیا جائیگا کہ ایرانی آئیل ٹینکرس پر حملہ کس نے کیا ہے اور پھر اس بات کو یقینی بنایا جائیگا کہ حملہ آوروں کو جواب بھی دیا جائے ۔ شام خوانی نے انتباہ دیا کہ اس طرح کے واقعات کا اگر اعادہ ہوتا ہے تو اس کے بے چینی پیدا کرنے والے خطرات ہوسکتے ہیں اور عالمی معیشت متاثر ہوسکتی ہے ۔ نیشنل ایرانی ٹینکر کمپنی نے ایک بیان میں کہا کہ اس کے ٹینکر کو جمعہ کو دو علیحدہ دھماکوں کے ذریعہ نشانہ بنایا گیا ہے اور یہ سعودی بندرگاہ جدہ کے قریب ہوا ہے ۔ تاہم سعودی عرب نے ان اطلاعات کی تردید کی کہ اس حملہ کو سعودی عرب سے عملی جامہ پہنایا گیا ہے ۔