آئین قومی شناخت کی مقدس کتاب : صدر مرمو

   

Ferty9 Clinic

نئی دہلی، 26 نومبر (یو این آئی) صدرِ جمہوریہ دروپدی مرمو نے آئین کو قومی شناخت اور قومی وقار کی عظیم کتاب قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ دہائی میں ہماری پارلیمنٹ نے اس کی اقدار پر عمل کرتے ہوئے عوام کی امنگوں کے اظہار کیلئے متعدد کام کیے ہیں۔شریمتی مرمو نے آج یہاں یومِ آئین کے موقع پر ایوانِ دستور کے سنٹرل ہال میں اپنے خطاب میں کہا کہ آئین ساز اسمبلی نے پارلیمانی نظام کو اپنانے کے حق میں جو مضبوط دلائل پیش کیے تھے ، وہ آج بھی پوری طرح معتبر اور موزوں ہیں۔ دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت میں عوامی تمناؤں اور خواہشات کی ترجمانی کرنے والی ہندوستانی پارلیمنٹ آج دنیا کے کئی جمہوری نظاموں کیلئے ایک قابلِ تقلید مثال بن چکی ہے ۔ ہمارے آئین ساز چاہتے تھے کہ آئین کے ذریعہ ہمارا اجتماعی اور انفرادی وقار ہمیشہ محفوظ رہے ۔ مجھے یہ کہتے ہوئے بہت خوشی محسوس ہوتی ہے کہ گزشتہ دس برسوں میں ہماری پارلیمنٹ نے عوامی امنگوں کو ظاہر کرنے کی نہایت مؤثر مثالیں پیش کی ہیں۔