راجستھان میں ایک وکیل کی نائب وزرائے اعلیٰ کیخلاف درخواست
جئے پور : راجستھان میں جیت کے بعد بی جے پی نے بھجن لال شرما کو وزیر اعلیٰ اور دیا کماری کے ساتھ پریم چند بیروا کو نائب وزیر اعلیٰ بنایا ہے۔ جمعہ کو بھجن لال شرما نے ریاست کے نئے وزیر اعلیٰ کے طور پر حلف لیا۔ ان کے ساتھ دیا کماری اور پریم چند بیروا نے ڈپٹی سی ایم کے طور پر حلف لیا ہے لیکن دونوں ڈپٹی سی ایم کے حلف کو لے کر ایک نیا تنازعہ کھڑا ہو گیا ہے۔ دراصل جے پور کے ایک وکیل اوم پرکاش سولنکی نے دونوں نائب وزیر اعلیٰ کے خلاف عدالت میں پی آئی ایل یعنی مفاد عامہ کی درخواست دائر کی ہے۔وکیل اوم پرکاش سولنکی نے کہا کہ میں نے راجستھان کے دونوں نائب وزیر اعلیٰ دیا کماری اور پریم چند بیروا کے خلاف عدالت میں پی آئی ایل دائر کی ہے۔ آئین میں نائب وزیر اعلیٰ جیسا کوئی عہدہ نہیں ہے۔ یہ ایک سیاسی عہدہ ہے اور یہ غیر آئینی ہے۔ واضح رہے کہ جمعہ کو جے پور کے البرٹ ہال کے سامنے منعقدہ حلف برداری کے پروگرام میں گورنر کلراج مشرا نے بھجن لال شرما کو وزیر اعلیٰ اور دیا کماری وپریم چند بیروا کو نائب وزیر اعلیٰ کے عہدے کا حلف دلایا، جس کے بعد وزیراعلیٰ اور دونوں ڈپٹی وزیراعلیٰ نے ایک ہی دن چارج سنبھال لیا۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ بھجن لال شرما، مرکزی وزیر گجیندر سنگھ شیخاوت اور دیگر نے دیا کماری کو مٹھائی کھلا کر مبارکباد دی۔ اس موقع پر بی جے پی کے ریاستی صدر سی پی جوشی موجود تھے۔ دیا کماری نے سابق وزیر اعلیٰ وسندھرا راجے کا آشیرواد بھی لیا تھا۔