آئی آئی ٹی حیدرآباد سے 100لیٹر کے ہینڈسینیٹائزرس کی فراہمی

   

حیدرآباد۔9اپریل (یواین آئی) انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹکنالوجی (آئی آئی ٹی) حیدرآباد سنگاریڈی ضلع انتظامیہ کو ہر دن تقریباً100لیٹر کے ہینڈسینیٹائزرس کی فراہمی کا کام کررہا ہے تاکہ کوروناوائرس کے خلاف لڑنے میں مدد مل سکے ۔ یہ کام 4اپریل سے کیا جارہا ہے ۔ ڈاکٹر جے گری اسوسی ایٹ پروفیسر ڈپارٹمنٹ آف بائیو میڈیکل انجینئرنگ آئی آئی ٹی حیدرآباد کی زیرقیادت ایک ریسرچ گروپ نے یہ ہینڈ سینیٹائزر تیار کیا ہے ۔ یہ سینٹائزرس کلکٹریٹ کے حوالے کئے گئے جس کے ذریعہ مقامی آبادی میں ان کی تقسیم کی جارہی ہے ۔ اس ریسرچ گروپ نے عالمی تنظیم صحت کے سفارش کردہ معیارات کے خطوط پر یہ سینیٹائزرس تیار کئے ہیں۔ اس موقع پر پروفیسر بی ایس مورتی ڈائرکٹر آئی آئی ٹی حیدرآباد نے کہا کہ کوروناوائرس بحران کے درمیان سرکردہ تعلیمی ادارے آئی آئی ٹی حیدرآباد نے سماج اور ملک کی اس کی تحقیق کے ذریعہ مدد کرنے کی تیاری کی ہے ۔