کولکاتہ ۔ 18 اکتوبر (سیاست نیوز) مغربی بنگال کے مغربی مدناپور میں واقع مشہور انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹکنالوجی (IIT) کھڑک پور کے ہاسٹل سے تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے چوتھے سال کے طالبعلم کی نعش چہارشنبہ کی صبح مشتبہ طور پر برآمد ہوئی ہے۔ طالبعلم کی شناخت 21 سالہ کرن چندرا کی حیثیت سے کی گئی جو الیکٹریکل انجینئرنگ کا طالبعلم تھا۔ موت کی وجوہات تاحال واضح نہیں ہوسکی۔ تلنگانہ کے طالبعلم کی موت سے کیمپس میں سنسنی پھیل گئی۔ ہاسٹل کے روم میں اس کی نعش لٹکتی ہوئی پائی گئی جسے فوری کیمپس کے ہاسپٹل منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹرس نے اسے مردہ قرار دیا۔ پولیس نے ایک مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا اور نعش کو پوسٹ مارٹم کیلئے منتقل کردیا۔