آئی آئی ٹی ۔ جے ای ای 2020 کے نتائج سماجی و قبائلی بہبود اداروں کے طلبا کی شاندار کارکردگی

   

ایک طالب علم نے 99.51 فیصد نشانات حاصل کئے ۔ سکریٹری سوسائیٹی کا اظہار مسرت

حیدرآباد۔ آئی آئی ٹی ۔ جے ای ای 2020 کیلئے سوشیل ویلفیر اقامتی تعلیمی اداروں کے 432 اور سوشیل و قبائلی بہبود اقامتی تعلیمی اداروں کے 274 طلبا کوالیفائی ہوئے ہیں۔ ان طلبا نے کارپوریٹ کالجس کے مقابلہ میں شاندار تناسب سے نشانات حاصل کئے ہیں۔ سوشیل ویلفیر سوسائیٹی کے طالب علم شراون کمار نے 99.51 فیصد نشانات لئے ہیں جبکہ ایک قبائلی لڑکے کے انیل نے جو قبائلی بہبود آئی آئی ٹی اسٹڈی سنٹر راجیندر نگر کا طالب علم تھا نے 94.05 فیصد نشانات حاصل کئے ہیں۔ ۔ قبائلی بہبود حیات نگر جونئیر کالج کی ایک طالبہ این ممتا نے 89.11 فیصد نشانات حاصل کرکے شاندار کامیابی حاصل کی ہے ۔ یہ لڑکی یومیہ اجرت پانے والے ‘ زرعی مزدوروں ‘ ترکاری فروشں اور چائے بیچنے والے خاندان سے تعلق رکھتی ہے اور یہ اپنے خاندان میں پہلی لڑکی ہے جس نے یہاں تک تعلیم حاصل کی ہے ۔ ان طلبا نے یہ ثابت کردیا ہے کہ انتہائی غربت اور دیہی پس منظر بھی انہیں ملک کے انتہائی مشکل ترین انٹرنس امتحان میں کامیابی حاصل کرنے میں رکاوٹ نہیں بن سکتا بشرطیکہ انہیں بہتر مواقع اور رہنمائی فراہم کی جائے ۔ ڈاکٹر آر ایس پروین کمار سکریٹری ٹی ایس ڈبلیو آر ای آئی اور ٹی ٹی ڈبلیو آر ای آئی سوسائیٹیز نے ان طلبا کو ان کی شاندار کامیابی پر مبارکباد پیش کی ہے اور کہا کہ اس کامیابی کا سارا سہرا ان اساتذہ کے سر جاتا ہے جنہوں نے انتہائی محنت کے ساتھ دیہی پس منظر رکھنے والے گاووں کے طلبا کی مدد کرنے میں بہت محنت سے کام کیا ہے ۔ اسی کا نتیجہ ہے کہ ان طلبا نے آئی آئی ٹی ۔ جے ای ای امتحانات میں بھی شاندار کامیابی حاصل کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ تبدیلی چیف منسٹر کے چندر شیکھر راو کی جانب سے فراخدلانہ انداز میں فنڈز کی فراہمی اور طویل مدتی منصوبہ بندی اور اس پر عمل آوری کا نتیجہ ہے ۔ چیف مسنٹر نے ایس سی ایس ٹی طلبا کی مدد کرنے میں کوئی کسر باقی نہیں رکھی ہے اور انہوں نے فراخدلانہ عطیات فراہم کئے ہیں۔ ڈاکٹر پروین کمار نے کہا کہ سوشیل و قبائلی بہبود اقامتی تعلیمی اداروں کے طلبا نے تلنگانہ میں ایک خاموش تعلیمی انقلاب شروع کیا ہے اور انہوں نے ولیج لرننگ سرکلس کورونا وباء کے دور میں قائم کرتے ہوئے یہ کارنامہ انجام دیا ہے ۔