آئی اوسی نے ہندوستان سے مشاورت معطل کردیئے

   

نئی دہلی ، لوسین ۔22 فروری (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستانی ایتھلیٹس کو انٹرنیشنل شوٹنگ ایونٹ کے لیے ویزا جاری نہ کرنے کے بعد انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی نے ہندوستان سے مشاورت معطل کردئے ہیں۔ نئی دہلی میں شوٹنگ ایونٹ کے ورلڈ کپ کا انعقاد ہونا تھا جو اولمپکس 2020 کا کوالیفائنگ راؤنڈ بھی تھا لیکن ہندوستان نے اس ایونٹ کے لئے پاکستانی ایتھلیٹس کو ویزا جاری کرنے سے انکار کردیا۔2 پاکستانی شوٹرز جی ایم بشیر اور خلیل احمد جبکہ ان کے منیجرز کو ایونٹ میں شرکت کرنی تھی لیکن وہ ایونٹ کی رسمی کارروائیوں کے لیے ہندوستان نہیں پہنچے۔ انٹرنیشنل شوٹنگ اسپورٹس فیڈریشن اور انٹرنیشنل اولمپکس کمیٹی کو خبردار کیا تھا کہ وہ اس اقدام سے باز رہیں کیونکہ ایسی صورت میں انہیں مستقبل میں کسی بھی ایونٹ کی میزبانی نہیں دی جائے گی لیکن اس کے باوجود انہوں نے پاکستانی ایتھلیٹس کو ویزا جاری نہ کیا۔ انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی نے ہندوستانی فیصلے پر انہیں مستقبل کے تمام عالمی ایونٹس کی میزبانی سے دور رکھنے کے علاوہ موجودہ ایونٹ سے بھی اولمپکس کے کوالیفائنگ راؤنڈ کا درجہ واپس لے لیا گیا ہے۔ انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ میزبان ملک کی جانب سے سیاسی مداخلت اور امتیازی سلوک روا رکھتے ہوئے ایتھلیٹس کو ویزا کی فراہمی سے انکار اولمپکس کے چارٹر کی خلاف ورزی ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ آخری لمحات پر کی گئی کوششوں اور ہندوستانی حکام سے مذاکرات کے باوجود پاکستانی وفد کے ہندوستان میں داخلے کی اجازت کے حوالے سے کوئی نتیجہ نہ نکل سکا۔ انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی نے کہا کہ اس کے نتیجے میں کمیٹی کے ایگزیکٹو بورڈ نے ہندوستان کو مستقبل کے اولمپکس سمیت کھیلوں سے منسلک تمام ایونٹ کی میزبانی دینے کے حوالے سے ہندوستانی حکومت سے ہر قسم کی مشاورت ختم کردیے ہیں ۔