اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف نے اگر مزید شرائط نہ لگائیں تو معاہدہ جلد طے پا جائے گا۔جمعرات کو مسلم لیگ ن کے سینیٹرز کے ساتھ ملاقات میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے کی شرائط طے ہو گئی ہیں، اگر مزید کوئی شرط سامنے نہ رکھی تو معاہدہ جلد ہو جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ معاہدے کے ذریعے عوام کو جلد ریلیف ملنے کی توقع نہ رکھیں قوم کو ترقی اور خوشحالی کی طرف لے کر جانا ان کی اور دیگر اتحادیوں کی ذمہ داری ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ چین اور سعودی عرب نے ہمیشہ پاکستان کی مدد کی لیکن وہ بھی سوچتے ہوں گے کہ پاکستان آخر کب اپنے پاؤں پر کھڑا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ’تمام اتحادی جماعتوں کے ساتھ مل کر اس قوم کو بنانا ہے، مشکل ضرور ہے لیکن ناممکن نہیں ہے۔ کشکول توڑ کر ہی دم لیں گے۔‘شہباز شریف نے تحریک انصاف کی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے نواز شریف کے تمام اچھے اقدامات کو ختم کیا اور چین، سعودی عرب سیمیت دیگر دوست ممالک کے ساتھ تعلقات خراب کیے۔’پی ٹی آئی حکومت نے چین پر الزام تراشی کی لیکن اس کے باوجود وہ ہماری مدد کرنے کو تیار ہے۔‘