آئی ایم ایف کی جانب سے 25 غریب ممالک کے قرضوں کی ادائیگی میں راحت کی منظوری

   

واشنگٹن ۔ 14 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے کوروناوائرس کی وباء سے نمٹنے میں مدد کیلئے 25 غریب ملکوں کے قرضوں میں راحت دینے کو منظوری دی۔ آئی ایم ایف کے منیجنگ ڈائرکٹر کرسٹالینا جارجیا نے بتایا کہ اس منظوری سے غریب ملکوں کو آئی ایم ایف کے قرضوں کی ادائیگی میں مرحلہ وار آئندہ 6 ماہ میں سہولت ہوگی اور ان ممالک کو کوروناوائرس کے خلاف اہم ایمرجنسی میڈیکل اور دیگر امداد فراہم کرنے کی کوشش میں مدد ملے گی۔ انہوں نے بتایا کہ آئی ایم ایف بورڈ کی جانب سے جن غریب ممالک کیلئے قرضوں کی ادائیگی میں راحت کو منظوری دی گئی ہے، ان میں بیشتر ممالک افریقہ میں ہیں۔ ان کے علاوہ افغانستان، یمن، نیپال اور ہائیتی بھی ان میں شامل ہیں۔ ورلڈ بینک کی جانب سے بھی دولتمند ممالک سے کہا گیا ہیکہ وہ بھی یکم ؍ مئی سے جون 2021ء تک غریب ممالک سے قرضوں کی رقومات کی وصولی کو روک دیں۔ گذشتہ ہفتہ عالمی بینک نے بتایا تھا کہ کوروناوائرس سے متاثرہ ممالک مدد کیلئے آئندہ 15 ماہ کے دوران وہ 160 بلین امریکی ڈالر کی ہنگامی امداد دے گا۔