کریٹ سومیا باپ ،بیٹے کو جیل جانا ہوگا : سنجے راوت
ممبئی: شیوسینا کے ایم پی سنجے راوت نے ایک بار پھر بی جے پی لیڈر اور سابق ایم پی کریٹ سومیا پر حملہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں اور ان کے بیٹے نیل کو آئی این ایس وکرانت کیس میں جیل جانا ہوگا۔دونوں باپ بیٹے کے خلاف معاملے دھوکہ دہی کی ایف آئی آر درج ہونے کے بعد راوت نے آج کہا کہ کریٹ سومیا مہاراشٹرا کے غدار تو ہیں ہی ، اب غدار وطن بھی ثابت ہوگئے ہیں۔واضح رہے کہ ممبئی پولیس نے بھارتیہ جنتا پارٹی کے رہنما کریٹ سومیا اور ان کے بیٹے نیل کے خلاف طیارہ بردار بحری جہاز آئی این ایس وکرانت کو بچانے کے لیے جمع کیے گئے 57 کروڑ روپئے سے زیادہ کے فنڈز میں مبینہ بے ضابطگیوں کے لیے دھوکہ دہی کا مقدمہ درج کیا ہے۔ ایک اہلکار نے جمعرات کو بتایا کہ ان کے خلاف ایک 53 سالہ آرمی پولیس عہدیدارکی شکایت پر چہارشنبہ کی شام ٹرامبے پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔آئی این ایس وکرانت کو 1961 میں ہندوستانی بحریہ میں شامل کیا گیا تھا۔ وہ میجسٹک کلاس کا طیارہ بردار ہے۔ انہوں نے 1971 کی پاک۔ ہندوستان جنگ کے دوران مشرقی پاکستان کی بحری ناکہ بندی میں کلیدی کردار ادا کیا۔ جنوری 2014 میں جہاز کو آن لائن نیلامی کے ذریعے فروخت کیا گیا تھا۔شکایت کنندہ نے کہا کہ سومیا نے آئی این ایس وکرانت کے لیے فنڈ اکٹھا کرنے کی مہم شروع کی۔ انہوں نے بتایا کہ اس نے جہاز کو بچانے کے لیے سومیا کو چندہ دیا تھا اور بی جے پی لیڈر نے اس مقصد کے لیے 57 کروڑ روپئے سے زیادہ کا فنڈ جمع کیا تھا۔ اس فنڈ کو مہاراشٹر کے گورنر کے سکریٹری کے دفتر میں جمع کرانے کے بجائے اس نے فنڈ میں بے ضابطگیاں کی گئیں۔