راہول اور پرینکا کی تہاڑجیل میں سینئر قائد سے ملاقات
نئی دہلی ۔ 27 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) دہلی کی ایک عدالت نے آئی این ایکس میڈیا کرپشن کیس میں سابق وزیرفینانس پی چدمبرم کی عدالتی تحویل میں 11 ڈسمبر تک توسیع کردی ہے۔ خصوصی جج اجے کمار کہر نے انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کی جانب سے 14 دنوں کی توسیع کی درخواست پر یہ احکامات جاری کئے۔ ای ڈی کا کہنا ہیکہ تحقیقات جاری ہیں اس لئے عدالتی تحویل میں توسیع دی جائے۔ 74 سینئر کانگریس قائد چدمبرم نے انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کی درخواست کی مخالفت نہیں کی۔ اسی دوران دن میں کانگریس قائدین راہول گاندھی اور پرینکا گاندھی وڈرا نے آج تہاڑ جیل میں سینئر پارٹی قائد پی چدمبرم سے ملاقات کی اوران سے اظہاریگانگت کیا۔ سابق وزیرفینانس چدمبرم آئی این ایکس میڈیا کریشن کیس میں گذشتہ تین ماہ سے جیل میں ہیں۔ یہ ملاقات سپریم کورٹ میں چدمبرم کی درخواست ضمانت سے قبل ہوئی ہے۔ چدمبرم کو آئی این ایکس میڈیا کریشن کیس کے سلسلہ میں سب سے پہلے سی بی آئی نے 21 اگست کو گرفتار کیا تھا اور سپریم کورٹ نے 22 اکٹوبر کو ضمانت منظور کی تھی۔ تاہم انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ نے 16 اکٹوبر کو منی لانڈرنگ کیس میں انہیں گرفتار کرلیا اور وہ 27 نومبر تک عدالتی تحویل میں چدمبرم کی عدالتی تحویل کے 99 ویں دن ہوچکے ہیں۔ ریمانڈ پر کسی کو 99 ویں دنوں تک تحویل میں رکھنا درست نہیں۔ اس موقع پر کارتی چدمبرم نے کہا کہ انہیں توقع ہیکہ سپریم کورٹ سے انصاف ملے گا۔