۔106 دن کے بعد کھلی فضاء میں سانس لیکر میں خوش ہوں : چدمبرم ،حکومت نے سازش کی تھی ، کانگریس کا الزام
نئی دہلی، 4 دسمبر (سیاست ڈاٹ کام) سپریم کورٹ نے آئی ین ایکس میڈیا میں منی لانڈرنگ سے منسلک ای ڈی (انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ) کی جانب سے درج معاملہ میں تہاڑ جیل میں قید سابق مرکزی وزیرفینانس پی چدمبرم کو ضمانت پر رہا کرنے کا آج حکم دیا۔ اس کے ساتھ ہی 106 دن بعد ان کی رہائی عمل میں آئی۔ چدمبرم نے اپنی رہائی کے بعد کہا کہ میں کھلی فضاء میں سانس لیتے ہوئے خوشی محسوس کررہا ہوں۔ 106 دن بعد مجھے آزادی ملی ہے۔ چدمبرم نے اپنے فرزند کارتک کے ساتھ کانگریس کی عبوری صدر سونیا گاندھی سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ جسٹس آر بھانومتی، جسٹس اے ایس بوپنا اور جسٹس رشی کیش رائے کی بنچ نے کچھ شرائط کے ساتھ چدمبرم کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیا۔ عدالت نے دو لاکھ روپے کی ضمانت کی رقم اور اتنی ہی رقم کے دو مچلکوں پر ضمانت منظور کرنے کا فیصلہ کیا۔جسٹس بوپنا نے بنچ کی جانب سے فیصلہ پڑھتے ہوئے کہا کہ کانگریس لیڈر عدالت کی اجازت کے بغیر ملک نہ چھوڑیں، ساتھ ہی وہ نہ تو کسی گواہ سے بات کریں گے ، نہ ہی اس معاملے میں کوئی عوامی بیان دیں گے اور نہ کوئی انٹرویو دیں گے ۔آئی این ایکس میڈیا میں غیر ملکی سرمایہ کاری میں بدعنوانی سے متعلق مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) کے معاملہ میں سپریم کورٹ ہی سے مسٹر چدمبرم کو پہلے ضمانت مل چکی ہے ۔بنچ نے دہلی ہائی کورٹ کے فیصلہ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اسے میرٹ پر تبصرہ نہیں کرنا چاہئے تھا۔اس نے کہا کہ ہائیکورٹ کے کچھ تبصرے سے وہ اتفاق نہیں کرتے ہیں۔بنچ نے دہلی ہائی کورٹ کی طرف سے ضمانت کی درخواست مسترد کئے جانے کے فیصلے کے خلاف اپیل پر گذشتہ 28 نومبر کو سماعت مکمل کرتے ہوئے فیصلہ محفوظ رکھا تھا۔ای ڈی نے مسٹر چدمبرم کی ضمانت کی درخواست پر احتجاج کرتے ہوئے دعوی کیا تھا کہ وہ جیل میں رہتے ہوئے بھی معاملہ کے اہم گواہوں کو متاثر کر رہے ہیں۔ کانگریس نے کہا کہ پی چدمبرم کے خلاف حکومت نے بہت بڑی سازش رچائی تھی لیکن سپریم کورٹ میں ضمانت ملنے کے بعد سچائی سامنے آگئی ہے۔ کانگریس کے سابق صدر راہول گاندھی نے کہا کہ حکومت نے گھناؤنی سازش کرتے ہوئے چدمبرم کو جیل میں قید رکھا تھا۔ اب مجھے کامل اعتماد ہیکہ چدمبرم مقدمہ کی کارروائی کے دوران اپنی بے گناہی ثابت کریں گے۔
چدمبرم پارلیمنٹ کی کارروائی میں شامل ہونگے :کارتی
کانگریس کے سینئر لیڈر اور سابق مرکزی وزیرخزانہ پی چدمبرم جمعرات سے راجیہ سبھا کی کارروائی میں شامل ہونگے ۔مسٹر چدمبرم کے بیٹے اور کارنگریس کے لوک سبھا رکن کارتی چدمبرم نے چہارشنبہ کویہاں پارلیمنٹ ہاؤس کے احاطہ میں صحافیوں سے کہاکہ اپنے والد کو سپریم کورٹ سے ضمانے ملنے پر وہ انتہائی خوش ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ،‘‘ میرے لیے یہ بہت بڑا دن ہے ۔میرے والد 106دن تک جیل میں رہنے کے بعد باہر آررہے ہیں۔ وہ رکن پارلیمان ہیں اور جمعرات سے ایوان کی کارروائی میں شامل ہونگے۔ ’’واضح رہے کہ مسٹر چدمبرم کو سپریم کورٹ نے آج آئی این ایکس میڈیا معاملہ میں 106دن بعد ضمانت دی ہے ۔عدالت نے منی لانڈرنگ سے متعلق انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے ذریعہ درج معاملہ میں انھیں مشروط ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیاہے ۔