آئی اے ایس آفیسر ہونے کا جھوٹا دعوی اور فرضی احکام تقرر

   

کاما ریڈی کلکٹریٹ میں خاتون نے ہنگامہ کھڑا کردیا ۔ پولیس نے گرفتار کرلیا

حیدرآباد۔ 6 نومبر (سیاست نیوز) ایک خاتون نے آئی اے ایس آفیسر ہونے کا جھوٹا دعویٰ اور فرضی تقرری کے احکامات پیش کرکے کاماریڈی کلکٹریٹ میں یہ کہتے ہوئے ہنگامہ کھڑا کردیا کہ اُسے انچارج کلکٹر کے طور پر تعینات کیا گیا ہے۔ پولیس نے تصدیق کی کہ اس نے یہ کام اپنے گھر والوں کو یہ باور کرانے کیلئے کیا تھا کہ اس نے سرکاری ملازمت حاصل کرلی ۔ کاماریڈی ضلع کلکٹر آشیش سنگوان 2 نومبر سے چھٹی پر ہیں اور حکومت نے نظام آباد کے ضلع کلکٹر ٹی ونئے کرشنا ریڈی کو انچارج کی ذمہ داری سونپی ہیں۔ اس خاتون کی شناخت عشرت جہاں کے طور پر کی گئی ہے جو حیدرآباد کے جیڈی مٹلہ کی رہنے والی ہے۔ اس نے پہلے کلکٹر کے چیمبر میں داخل ہونے کی کوشش کی۔ اس خاتون نے خود کو انچارج کلکٹر کے طور پر ظاہر کرکے جعلی دستاویزات پیش کئے۔ اڈیشنل کلکٹر نے اس دعویٰ پر شک ظاہر کیا جس کے بعد وہ خاتون کچھ دیر تک چیمبر میں ہی بیٹھی رہی اور بعد میں وہ چلی گئی۔ اڈیشنل کلکٹر نے پولیس میں شکایت کی جس پر سی سی ٹی وی فوٹیج کے ذریعہ خاتون کو توپران کے قریب گرفتار کرلیا گیا۔ کاما ریڈی اے ایس پی چیتنیا ریڈی نے بتایا کہ خاتون 2020ء سے گروپ امتحانات کی تیاری کررہی تھی۔ خاتون کے خلاف دھوکہ دہی و جعل سازی کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔ ش
سڑک حادثہ میں 16افرادزخمی
حیدرآباد 6 نومبر ( یو این آئی) آندھرا پردیش نیلور میں سڑک حادثہ میں 16 افراد زخمی ہوگئے ۔ یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب آٹو اورکار متصادم ہوگئے ۔اس حادثہ میں 16افرادزخمی ہوگئے ۔آٹو میں حادثہ کے وقت 13افراد سوار تھے ۔کار کے تین افرادبھی اس حادثہ میں زخمی ہوگئے ۔