آئی اے ایس اور آئی پی ایس عہدیداروں کے الاٹمنٹ پرہائی کورٹ میں سماعت

   

سومیش کمار، انجنی کمار اور 13 عہدیداروں کے بارے میں حلفنامہ داخل کرنے کی ہدایت
حیدرآباد۔/23 فروری، ( سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ نے ریاست کے چیف سکریٹری سومیش کمار، انچارج ڈی جی پی انجنی کمار کے منجملہ 13 آئی اے ایس اور آئی پی ایس عہدیداروں کے الاٹمنٹ پر ریاستی حکومت سے وضاحت طلب کی ہے۔ مذکورہ عہدیداروں کے الاٹمنٹ پر تنازعہ چل رہا ہے۔ مرکزی حکومت نے سابق میں اڈمنسٹریٹو ٹریبونل کی جانب سے جاری کردہ احکامات کو کالعدم قرار دینے کیلئے درخواست داخل کی جس کی آج ہائی کورٹ میں سماعت ہوئی۔ چتور کے ایڈیشنل ایس پی ابھیشک موہنتی کے الاٹمنٹ پر تنازعہ ہے۔ چیف جسٹس ستیش چندر شرما اور جسٹس ابھینند کمار شاولی پر مشتمل ڈیویژن بنچ پر اس معاملہ کی سماعت ہوئی۔ ابھیشک موہنتی کو ریلیو کرتے ہوئے آندھرا پردیش میں پوسٹنگ دیئے جانے کی تلنگانہ حکومت کو مرکزی ایڈمنسٹریٹیو ٹریبونل نے ہدایت دی تھی۔ تلنگانہ حکومت کی جانب سے کوئی کارروائی نہیں کی گئی جس کے خلاف ابھیشک موہنتی پھر ایک بار ٹریبونل سے رجوع ہوئے۔ ٹریبونل نے حال ہی میں چیف سکریٹری سومیش کمار کو شخصی طور پر حاضر ہونے کیلئے ہدایت دیتے ہوئے توہین عدالت کی نوٹس جاری کی ہے۔ تلنگانہ کے چیف سکریٹری سومیش کمار کے منجملہ 13 عہدیداروں کے الاٹمنٹ کے بارے میں ٹریبونل کے احکامات سے آندھرا پردیش حکومت کے وکیل نے ہائی کورٹ کو واقف کرایا۔ عدالت کو بتایا گیا کہ دیگر عہدیداروں کے بارے میں ٹریبونل کے احکامات پر عمل کیا گیا لیکن ابھیشک موہنتی سے متعلق احکامات پر عمل نہیں ہوا ہے اور انہیں پوسٹنگ نہیں دی گئی ہے۔ عدالت نے عہدیداروں کے ساتھ امتیازی رویہ کے بارے میں حکومت سے سوال کیا۔ مرکزی حکومت کے ایڈیشنل سالیسٹر جنرل سوریا کرن ریڈی نے عدالت کو بتایا کہ باقی عہدیداروں سے متعلق درخواستیں جسٹس اجول بھویاں کے اجلاس پر زیر التواء ہیں۔ عدالت نے ابھیشک موہنتی کے الاٹمنٹ سے متعلق درخواست کو جسٹس اجول بھویاں کے اجلاس سے رجوع کردیا۔ جسٹس اجول بھویاں نے درخواست کی سماعت کے بعد ابھیشک موہنتی کے علاوہ آئی اے ایس عہدیداروں سومیش کمار، ہری کرن، اننت راملو، پرشانتی، واکاٹی کرونا، وانی پرساد، رونالڈ راس، شری جنا، شیوا شنکر اور آئی پی ایس عہدیداروں انجنی کمار، ابھیلاش، سنتوش مہرا اور رنگناتھ کے الاٹمنٹ پر حلف نامہ داخل کرنے تلنگانہ حکومت کو ہدایت دی۔ ابھیشک موہنتی کی توہین عدالت سے متعلق درخواست پر سماعت کے بعد ہائی کورٹ نے زیر التواء امور پھر دوبارہ ٹریبونل سے رجوع کرنے حکومت کو صلاح دی ہے۔ انڈین ایڈمنسٹریٹیو اور پولیس سرویس عہدیداروں کے الاٹمنٹ مقدمہ کی آئندہ سماعت ہائی کورٹ میں 24 مارچ کو ہوگی۔ ر