آئی اے ایس عہدیدار اروند کمار کے خلاف کارروائی کو مرکز کی منظوری

   

فارمولہ ای ریس اسکام کی جانچ میں پیشرفت، اینٹی کرپشن بیورو جلد ہی چارج شیٹ داخل کرے گا

حیدرآباد۔ 15 فروری (سیاست نیوز) فارمولہ ای ریسنگ معاملہ کی جانچ میں اینٹی کرپشن بیورو کو اس وقت اہم کامیابی حاصل ہوئی جب مرکزی حکومت نے سینئر آئی ایس ایس عہدیدار اروند کمار کے خلاف قانونی کارروائی کی اجازت دے دی ہے۔ مرکزی حکومت کے ڈپارٹمنٹ آف پرسونل اینڈ ٹریننگ کی جانب سے اروند کمار کے خلاف قانونی کارروائی کے آغاز کی درخواست منظور کرلی گئی۔ اینٹی کرپشن بیورو نے ریاستی حکومت کے ذریعہ مرکز کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے فارمولہ ای ریسنگ معاملہ میں اروند کمار کے اہم رول کا حوالہ دیا اور ان کے پراسیکیوشن کی اجازت طلب کی تھی۔ کانگریس برسر اقتدار آنے کے بعد ڈسمبر 2024 میں اینٹی کرپشن بیورو نے فارمولہ ای ریسنگ معاملہ کی جانچ کا آغاز کیا تھا۔ سابق وزیر کے ٹی راما راؤ، سینئر آئی اے ایس عہدیدار اروند کمار اور حیدرآباد میٹرو پولیٹن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کے چیف انجینئر بی ایل این ریڈی کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی تھی۔ حکومت نے کے ٹی آر کے پراسیکیوشن کے سلسلہ میں گورنر سے اجازت طلب کی تھی اور گزشتہ سال نومبر میں گورنر جشنودیو ورما نے اجازت دے دی تھی۔ بی ایل این ریڈی کے خلاف کارروائی کے لئے چیف سکریٹری رام کرشنا راؤ نے اینٹی کرپشن بیورو کو اجازت دی ہے۔ فارمولہ ای ریس کا فروری 2023 میں حیدرآباد میں انعقاد عمل میں آیا تھا۔ دوسرے مرحلہ کی ریس کا 2024 میں انعقاد عمل میں آنے والا تھا تاہم کانگریس برسر اقتدار آنے کے بعد یہ منصوبہ ترک کردیا گیا۔ کانگریس حکومت نے 55 کروڑ روپے کی بے قاعدگیوں کے الزام کے تحت اینٹی کرپشن بیورو کو تحقیقات کی ہدایت دی۔ بتایا جاتا ہے کہ کابینہ کی منظوری کے بغیر ہی اروند کمار نے اس وقت کے وزیر کے ٹی آر کی ہدایت پر 55 کروڑ روپے بیرونی کمپنی کو منتقل کئے تھے۔ مرکزی حکومت سے اروند کمار کے خلاف کارروائی کی اجازت کے بعد امید کی جارہی ہے کہ اینٹی کرپشن بیورو جلد ہی عدالت میں چارج شیٹ دائر کرے گا۔ ایف آئی آر میں اروند کمار ملزم نمبر A2 کے طور پر شامل کئے گئے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ چارج شیٹ کی پیشکشی کے لئے اینٹی کرپشن بیورو کو ڈپارٹمنٹ آف پرسونل اینڈ ٹریننگ کے مکتوب کا انتظار ہے۔ آل انڈیا سرویس عہدیداروں کے خلاف کارروائی کے لئے مرکزی حکومت سے منظوری ضروری ہے جبکہ عوامی نمائندوں کے خلاف کارروائی کی منظوری کا اختیار ریاستی گورنر کو حاصل ہے۔ پرنسپل سکریٹری بلدی نظم و نسق دانا کشور کی شکایت پر اینٹی کرپشن بیورو نے مقدمہ درج کیا تھا۔ 1