آئی اے ایس عہدیدار اموئے کمار کو ای ڈی کی نوٹس

   

تحقیقات کیلئے 22 اکٹوبر کو طلبی، اراضی الاٹمنٹ میں بے قاعدگیوں کی شکایت

حیدرآباد۔/20اکٹوبر، ( سیاست نیوز) انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ نے آئی اے ایس عہدیدار اموئے کمار کو بی آر ایس دور حکومت میں اراضی الاٹمنٹ معاملات میں مبینہ بے قاعدگیوں پر نوٹس جاری کی ہے۔ اموئے کمار کو 22 یا 23 اکٹوبر کو تحقیقات کیلئے رجوع ہونے کی ہدایت دی گئی ہے۔ اموئے کمار سے انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کے عہدیدار پوچھ تاچھ کریں گے۔ آئی اے ایس عہدیدار فی الوقت تلنگانہ کے محکمہ انیمل ہسبینڈری میں سکریٹری کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے ہیں۔ بی آر ایس دور حکومت میں وہ میڑچل اور دیگر اضلاع کے کلکٹر کے عہدہ پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔ بی آر ایس دور حکومت میں میڑچل اور رنگاریڈی ضلع میں کئی اداروں کو اراضی الاٹ کی گئی تھی جس میں مبینہ طور پر بے قاعدگیاں کی گئیں۔ اس سلسلہ میں شکایت ملنے پر انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ نے تحقیقات کا آغاز کیا۔ اموئے کمار کے خلاف کئی دیگر معاملات میں بھی تحقیقات جاری ہیں۔ انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کے حیدرآباد زونل یونٹ نے بعض رئیل اسٹیٹ کمپنیوں کو دھرانی پورٹل کے ذریعہ اراضی الاٹمنٹ میں بے قاعدگیوں کی نشاندہی کی۔ رنگاریڈی کلکٹر کے طور پر اموئے کمار نے یہ اراضی الاٹ کی تھی۔ بتایا جاتا ہے کہ کلکٹر نے عبداللہ پور میٹ علاقہ میں بھودان اراضی کو بعض خانگی افراد کے حوالے کردیا تھا۔ بھودان اراضی پر اموئے کمار کی مدد سے ناجائز قبضے کئے گئے۔ بعض انفرااسٹرکچر کمپنیوں کو شیرلنگم پلی میں اراضیات الاٹ کی گئیں جس میں اموئے کمار کے رول کی شکایت ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ متنازعہ اراضیات کے معاملات میں اموئے کمار نے جو کارروائیاں کی ہیں وہ قواعد کے مطابق نہیں تھیں۔ اموئے کمار کے خلاف راچہ کنڈہ پولیس نے سابق میں ایس سی، ایس ٹی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔بی آر ایس دور حکومت میں مختلف کمپنیوں کو بھی اراضی کے الاٹمنٹ میں بے قاعدگیوں کی شکایات ملی ہیں ۔ حکومت کی جانب سے مختلف شکایتوں کا جائزہ لیا جارہا ہے ۔1