آئی اے ایس عہدیدار رونالڈ راس کو تلنگانہ میں برقرارر کھنے سنٹرل ایڈمنسٹریٹیو ٹریبونل کی ہدایت

   

شیو شنکر کے حق میں احکامات جاری کرنے مرکزی حکومت کو ہدایت
حیدرآباد۔/9 اپریل، ( سیاست نیوز) سینئر آئی اے ایس عہدیدار رونالڈ راس کو سنٹرل ایڈمنسٹریٹیو ٹریبونل سے راحت ملی۔ ٹریبونل نے رونالڈ راس کی خدمات کو تلنگانہ میں برقرار رکھنے کے احکامات جاری کئے۔ مرکزی وزارت پرسونل اینڈ ٹریننگ کو ٹریبونل نے ہدایت دی کہ رونالڈ راس کی خدمات کو تلنگانہ میں برقرار رکھا جائے۔ ریاست کی تقسیم کے وقت رونالڈ راس کو مرکزی وزارت پرسونل اینڈ ٹریننگ نے آندھرا پردیش کو الاٹ کیا تھا۔ ٹریبونل کا سہارا لیتے ہوئے رونالڈ راس نے تقریباً دس برسوں تک تلنگانہ میں خدمات کو جاری رکھا اور آندھرا پردیش رجوع نہیں ہوئے تھے۔ گذشتہ ماہ ڈپارٹمنٹ آف پرسونل اینڈ ٹریننگ نے آندھرا پردیش کو الاٹ کردہ عہدیداروں کو اپنی متعلقہ ریاست رجوع ہونے کی ہدایت دی تھی۔ رونالڈ راس نے مرکزی حکومت کی ہدایت پر آندھرا پردیش میں رپورٹ کرتے ہوئے ڈیوٹی جوائن کرلی۔ بعد میں وہ دوبارہ ٹریبونل سے رجوع ہوئے اور تلنگانہ میں خدمات جاری رکھنے کی اپیل کی۔ سنٹرل ایڈمنسٹریٹیو ٹریبونل نے درخواست کا جائزہ لینے کے بعد انہیں اجازت دے دی ہے۔ اسی دوران ایک اور آئی اے ایس عہدیدار شیو شنکر نے ٹریبونل میں درخواست دائر کی اور ٹریبونل کے احکامات پر ڈپارٹمنٹ آف پرسونل اینڈ ٹریننگ کی جانب سے عمل آوری نہ کئے جانے کی شکایت کی۔ انہوں نے تحقیر عدالت کی درخواست میں محکمہ کے خلاف کارروائی کی اپیل کی ہے۔ شیو شنکر کو آندھرا پردیش کیڈر الاٹ کرنے کیلئے 28 فروری کو ٹریبونل نے ہدایت دی تھی۔ اندرون چار ہفتے احکامات کی عدم اجرائی پر شیو شنکر نے دوبارہ ٹریبونل میں درخواست دائر کرتے ہوئے مرکزی محکمہ کے خلاف تحقیر عدالت کی شکایت کی ہے۔ ٹریبونل نے مرکزی وزارت کو دوبارہ ہدایت دی کہ وہ شیو شنکر کے حق میں احکامات جاری کرے۔1