کانگریس میں شمولیت کی تیاری، بی آر ایس کی وعدہ خلافی سے ناراض
حیدرآباد ۔ 2 ۔ فروری(سیاست نیوز) سابق بی آر ایس حکومت میں ڈائرکٹر پبلک ہیلت کے طور پر کافی شہرت حاصل کرنے والے آئی اے ایس عہدیدار ڈاکٹر جی سرینواس راؤ کانگریس میں شمولیت کی تیاری کر رہے ہیں۔ بی آر ایس دور حکومت میں سرینواس راؤ چیف منسٹر کے سی آر کے بااعتماد سمجھے جاتے تھے اور انہوں نے اسمبلی انتخابات میں حصہ لینے کی مساعی کی لیکن بی آر ایس نے ٹکٹ نہیں دیا تھا ۔ کانگریس برسر اقتدار آنے کے بعد سرینواس راؤ کو ڈائرکٹر پبلک ہیلت کے عہدہ سے ہٹادیا گیا کیونکہ ان سے سینئر کئی عہدیدار موجود تھے لیکن انہیں ڈائرکٹر پبلک ہیلت مقرر نہیں کیا گیا۔ اب جبکہ لوک سبھا انتخابات قریب ہیں ، سرینواس راؤ کانگریس میں شمولیت کی تیاری کر رہے ہیں۔ انہوں نے کھمم اور سکندرآباد لوک سبھا حلقوں سے پارٹی ٹکٹ کیلئے گاندھی بھون میں باقاعدہ درخواست داخل کی ہے۔ سرینواس راؤ کے حامیوں کی جانب سے گاندھی بھون میں دو لوک سبھا حلقوں کیلئے فارم داخل کیا گیا۔ سرینواس راؤ کھمم یا سکندرآباد میں کوئی حلقہ الاٹ کرنے کی اپیل کر رہے ہیں۔ دونوں لوک سبھا حلقوں کیلئے کانگریس قائدین میں کافی مسابقت ہے لیکن سرینواس راؤ انتخابی سیاست میں حصہ لے کر اپنی قسمت آزمانا چاہتے ہیں۔ گزشتہ اسمبلی انتخابات میں 52 ایسے ارکان اسمبلی منتخب ہوئے جنہوں نے پہلی مرتبہ مقابلہ کیا تھا ۔ ڈاکٹر سرینواس راؤ کھمم یا سکندرآباد حلقہ جات میں کسی ایک سے کانگریس کے ٹکٹ پر مقابلہ کرنا چاہتے ہیں۔ انہیں یقین ہے کہ پہلی مرتبہ عملی سیاست میں حصہ لینے پر عوامی تائید حاصل ہوگی۔ گزشتہ اسمبلی چناؤ میں انہوں نے کتہ گوڑم اسمبلی حلقہ سے بی آر ایس کے ٹکٹ کا مطالبہ کیا تھا ۔ وہ کھمم لوک سبھا حلقوں میں کئی فلاحی کاموں میں اپنی رضاکارانہ تنظیم کے ذریعہ مصروف ہیں۔ سیاست میں حصہ لینے کے خواہشمند سرینواس راؤ کانگریس میں اپنی قسمت آزمانا چاہتے ہیں۔ 1