حیدرآباد۔/19 مارچ، ( سیاست نیوز) پروفیسر جئے شنکر اگریکلچر یونیورسٹی کی جانب سے سکریٹری محکمہ سیاحت سمیتا سبھروال کو نوٹس جاری کرنے کی تیاری کی جارہی ہے۔ انووا گاڑی کرایہ پر حاصل کرنے کے تحت جو رقم حاصل کی گئی اسے یونیورسٹی کو واپس کرنے کیلئے یہ نوٹس دی جارہی ہے۔ توقع ہے کہ آئندہ دو دن میں نوٹس سمیتا سبھروال کو مل جائے گی۔ سابق بی آر ایس دور حکومت میں چیف منسٹر دفتر میں ایڈیشنل سکریٹری کے عہدہ پر خدمات انجام دینے والی سمیتا سبھروال کے مکتوب کے مطابق اکٹوبر 2016 سے مارچ 2024 تک ماہانہ 63 ہزار روپئے کرایہ کے طور پر یونیورسٹی سے حاصل کئے گئے۔ قواعد کے برخلاف گاڑی کرایہ پر حاصل کی گئی اور 90 ماہ تک کرایہ کے طور پر جملہ 61 لاکھ روپئے حاصل کئے گئے جس پر یونیورسٹی کے آڈٹ میں سخت اعتراض کیا گیا۔ سمیتا سبھروال نے جو گاڑی کرایہ پر حاصل کی تھی وہ ٹیکسی نہیں ہے۔ آڈٹ میں اس بات کا پتہ چلا کہ پون کمار کے نام سے یہ گاڑی ہے جسے سمیتا سبھروال نے چیف منسٹر آفس کے دفتر کیلئے کرایہ پر حاصل کی تھی۔ یونیورسٹی آڈٹ میں اعتراض کے بعد یونیورسٹی حکام نے سمیتا سبھروال سے رقم کی واپسی کیلئے نوٹس جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔1
