آئی اے ایس و آئی پی ایس عہدیداروں کے نام فرضی فیس بک اکاؤنٹ تیار کرنے والا گرفتار

   

قابل اعتراض مواد کی پوسٹنگس، سنٹرل کرائم اسٹیشن کی کارروائی
حیدرآباد۔/4 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) سنٹرل کرائم اسٹیشن ( سی سی ایس ) کی سائبر کرائم پولیس نے آندھرا پردیش کے ضلع کرشنا سے تعلق رکھنے والے ایک شخص کو گرفتار کرلیا جس نے کئی آئی اے ایس اور آئی پی ایس عہدیداروں کے نام سے فرضی فیس بک اکاؤنٹ کھول کر اس میں قابل اعتراض مواد اَپ لوڈ کیا تھا۔ جوائنٹ کمشنر آف پولیس ڈیٹکٹیو ڈپارٹمنٹ مسٹر اویناش موہنتی نے کہا کہ سائبر کرائم پولیس کو 3 اکٹوبر کو ایک آئی پی ایس آفیسر کی شکایت موصول ہوئی جس پر سائبر کرائم پولیس نے ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا اور تکنیکی شواہد کی بنیاد پر آندھرا پردیش سے تعلق رکھنے والے 28 سالہ کے منموہن کو گرفتار کرلیا اور فرضی فیس بک اکاؤنٹس کی تیاری میں استعمال کئے جانے والے سیمسنگ ٹیاب اور وائی فائی روٹر ضبط کرلیا۔ مسٹر موہنتی نے کہا کہ منموہن نے کئی آئی پی ایس اور آئی اے ایس عہدیداروں کے فیس بک اکاؤنٹس قائم کئے جس میں قابل اعتراض اور فحش مواد بھی پوسٹ کیا۔ ایک آئی پی ایس عہدیدار کی شکایت پر پولیس نے یہ کارروائی کی اور اسے گرفتار کرلیا گیا۔ گرفتار ملزم کو متعلقہ عدالت میں پیش کیا گیا ہے۔