نئی دہلی ۔ 27 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) عام آدمی پارٹی کے کونسلر طاہر حسین پر انٹلیجنس بیورو کے آفیسر انکت شرما کے قتل کا الزام عائد کیا گیا ہے جس کی نعش جعفرآباد میں ان کے مکان سے کچھ دوری پر ایک نالے سے دستیاب ہوئی تھی۔ بتایا گیا ہیکہ انکت شرما پر ہجوم نے حملہ کرکے ان کا قتل کردیا۔ یہ واقعہ منگل کو پیش آیا تھا جبکہ دوسرے دن انکت شرما کی نعش دستیاب ہوئی تھی۔ انکت شرما کے والد رویندر شرما نے الزام عائد کیا کہ طاہر حسین کے حامیوں نے ان کے بیٹے کا قتل کیا ہے۔ انہوں نے یہ بھی الزام عائد کیا کہ زدوکوب کرنے کے بعد ان کے بیٹے کو گولی مار دی گئی۔ انکت شرما کی نعش پوسٹ مارٹم کیلئے بھیجی گئی ہے۔ انکت شرما کے پڑوسیوں نے بھی یہ الزام عائد کیا کہ پانچ منزلہ عمارت کی چھت سے پتھر اور پٹرول بم پھینکے گئے اس عمارت کی مالک طاہر حسین ہے۔ مختلف ٹی وی چینلس پر اس چھت کی تصویر دکھائی گئی ہے جس پر ایک شخص کو طاہر حسین بتایا جارہا ہے۔ دوسری طرف طاہر حسین نے اپنا ایک ویڈیو جاری کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہیکہ وہ بے قصور ہے اور ان پر لگائے گئے الزامات بے بنیاد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان سے متعلق جو نیوز دکھائی جارہی ہے وہ جھوٹ ہے۔ کپل شرما کی نفرت انگیز تقریر کے بعد دہلی کی صورتحال خراب ہوئی ہے۔