آئی سی آئی سی آئی بینک نے کم از کم بیلنس کی اہلیت کو 50ہزار سے کم کر کے 15 ہزار کر دیا

   

نئی دہلی، 14 اگست (یواین آئی) نجی شعبے کے آئی سی آئی سی آئی بینک نے تنقید کے بعد نئے بچت کھاتوں کے لیے کم از کم اوسط بیلنس کی اہلیت کو 50 ہزار روپے سے گھٹا کر 15 ہزار روپے کر دیا ہے ۔ اس سے پہلے آئی سی آئی سی آئی بینک نے میٹرو اور دیگر شہروں کے لیے یکم اگست 2025 کو یا اس کے بعد کھولے گئے بچت کھاتوں کے لیے اوسط بیلنس کی کم از کم حد 10 ہزار روپے سے بڑھا کر 50 ہزار روپے کر دی تھی۔ یہ حد نیم شہری علاقوں کے لیے 25 ہزار روپے اور دیہی علاقوں کے لیے 10 ہزار روپے کر دی گئی تھی۔ یہ دوسرے پرائیویٹ بینکوں سے بہت زیادہ ہے۔ بینک نے کہا کہ میٹرو اور دیگر شہروں کے لیے اوسط کم از کم بیلنس کی اہلیت 50 ہزار روپے سے کم کر کے 15 ہزار روپے کر دی گئی ہے ۔ اس کا اطلاق یکم ستمبر سے ہوگا۔ نیم شہری علاقوں کے صارفین کو اب 7,500 روپے کا کم از کم بیلنس برقرار رکھنا ہوگا اور دیہی علاقوں کے صارفین کو 2,500 روپے کا کم از کم بیلنس برقرار رکھنا ہوگا۔