پوٹ شیپ اسٹروم ۔ 10 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی انڈر19 کرکٹ ٹیم کے منیجر انیل پٹیل نے کہا ہیکہ ہندوستان اور بنگلہ دیش کے درمیان منعقدہ آئی سی سی ورلڈ کپ انڈر19 کے فائنل کے بعد کھلاڑیوں کے درمیان ہوئی لڑائی پر سنجیدگی کا اظہار کیا ہے اور امید ہیکہ اس پر کارروائی بھی کی جائے گی۔ گذشتہ روز بنگلہ دیش نے ہندوستان کے خلاف تین وکٹوں کی تاریخی کامیابی حاصل کرتے ہوئے انڈر19 ورلڈ چمپئن ہونے کا اعزاز حاصل کیا جس کے فوراً بعد وہ جارحانہ انداز میں جشن منا رہے تھے اور ہندوستانی کھلاڑیوں سے اس دوران وہ الجھ پڑے۔ یہ منظر کافی مایوس کن تھا کیونکہ نوجوان کھلاڑیوں کو لڑائی سے باز رکھنے کیلئے امپائرس کے علاوہ دیگر چند عہدیداروں کو بھی فوراً میدان پر دوڑنا پڑا تھا۔ ہندوستانی ٹیم کے کپتان پریم گارگ نے کہا کہ یہ منظر کافی گندا تھا اور ہم اصل میں جانتے ہی نہیں کہ ہوا کیا تھا۔ کپتان نے مزید کہا کہ ہر کوئی حیران تھا اور ہم جانتے ہی نہیں تھے کہ اصل میں معاملہ کیا ہے۔ علاوہ ازیں آئی سی سی کے عہدیدار اب فائنل مقابلہ کے بعد دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کے درمیان ہونے والی بحث اور تصادم کے فوٹیج کا جائزہ لے رہی ہے ۔