آئی سی سی نے دھونی کی ستائش کی، شائقین خوش

   

دبئی ۔21 جنوری (سیاست ڈاٹ کام )کرکٹ کا سب سے بڑا ادارہ آئی سی سی نے ہندوستانی ٹیم کے سابق کپتان مہندر سنگھ دھونی کو اپنے ٹویٹر کے صفحہ اول پر جگہ دی ہے۔ یہ نہ صرف بی سی سی آئی اور دھونی بلکہ ماہی کے مداحوں کیلئے بھی خوشی کا موقع ہے۔ دھونی کو اس طرح سلام کرنے کیلئے مداحوں نے آئی سی سی کا شکریہ ادا کیا ہے۔بہر حال گزشتہ کافی وقت سے اپنے خراب فارم اور سست بیٹنگ کی وجہ سے تنقید کا سامنا کررہے دھونی نے آسٹریلیا کے خلاف تین ونڈے میچوں کی سیریز میں 193 رن بناکر ہر کسی کو اپنا قائل کرلیا ہے۔ آسٹریلیا کے خلاف دھونی کا اوسط 193رہا اور ان کے 87 رنوں کی شاندار ناٹ آوٹ اننگز بھی قابل ذکر ہے۔ اس دوران انہوں نے مسلسل تین نصف سنچریاں بناکر مین آف دی سیریز کا ایوارڈ بھی حاصل کیا۔یاد رہے کہ دھونی نے 335 ونڈے میچز کھیلے ہیں اور ان میں 50.81 کی اوسط سے 10366 رن بنائے ہیں ، جس میں دس سنچریاں اور 70 نصف سنچریاں شامل ہیں جبکہ ان کا سب سے زیادہ اسکور 183 رن ہے۔ بطور وکٹ کیپر انہوں نے 311 کیچز پکڑنے کے علاوہ 117 اسٹمپنگ بھی کی ہیں۔دورہ آسٹریلیا سے قبل دھونی کو ناقص فام کی وجہ سے نہ صرف گھریلو محدود اوور کی سیریز میں آرام دیا گیا تھا بلکہ ورلڈ کپ میں بھی ان کی شرکت پر سوالیہ نشان لگایا جارہا تھا تاہم آسٹریلیا سیریز میں انہوں نے بہترین مظاہرہ کیا ہے۔