آئی سی سی ٹسٹ چمپین شپ کاآج آغاز

   

موجودہ اور سابق کھلاڑیوں کی جانب سے خیر مقدم

لندن۔31 جولائی (سیاست ڈاٹ کام ) ایشز سیریز کے ساتھ ہی انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی عالمی ٹسٹ چمپئن شپ کا کل آغاز ہوجائے گا۔ عالمی تنظیم کو امید ہیکہ اس دوسالہ ایونٹ سے کرکٹ کے روایتی فارمیٹ کو نئی زندگی ملے گی۔ آئی سی سی حکام ہی نہیں دنیا کے معروف موجودہ اورسابق کرکٹرز بھی ٹسٹ چمپئن شپ سے بہت زیادہ امیدیں وابستہ کیے ہوئے ہیں۔ جنوبی افریقی کپتان فاف ڈوپلیسی نے کہا کہ چمپئن شپ دنیا بھر میں ٹیموں کے درمیان زیادہ مسابقت کا سبب بنے گی۔ میں سمجھتا ہوں کہ اس طرح روایتی ٹسٹ کرکٹ کی دلچسپی میں بھی اضافہ ہوگا۔ خیال رہے کہ جنوبی افریقی ٹیم ٹسٹ چمپئن شپ میں مہم کا آغاز اکتوبر میں دورئہ ہند سے کرے گی۔ آسٹریلیائی ٹسٹ ٹیم کے قائد ٹم پین کے مطابق یہ شاندارفیصلہ ہے۔ ہم ٹسٹ کرکٹ سے محبت کرتے ہیں، چمپئن شپ اس کا عروج ہوگی۔ میگا ایونٹ ہر ٹیم کو موقع فراہم کرے گا کہ وہ ٹسٹ میچز کو اپنی ترجیح بنائیں۔ ہندوستانی ٹیم کے کپتان ویراٹ کوہلی نے اس بارے میں کہا ہے کہ ایمانداری سے کہوں تو ٹسٹ چمپئن شپ کے آغاز کا شدت سے منتظر ہوں۔ اب سے ہر کھلاڑی کیلئے ٹسٹ میچ کا ایک ایک لمحہ زیادہ مسابقتی اور دلچسپ ہوگا۔ آسٹریلیا کے کامیاب ترین کپتان اسٹیو وا کے خیالات بھی کچھ اسی قسم کے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹسٹ کرکٹ کو ایسے صحتمند مقابلے کی شدید ضرورت ہے۔ میں نے 18برس کرکٹ کھیلی، کافی لوگ ہمیں اس وقت بھی نمبر ایک مانتے تھے لیکن جب تک آپ کے پاس ٹرافی نہ ہو یا فائنل کھیل کر فتح نہ حاصل کی ہو، آپ کیسے عالمی چمپئن ہوسکتے ہیں۔ انگلش کرکٹ بورڈکے ڈائریکٹر اور سابق اسپنر ایشلے جائلز کے مطابق ٹسٹ چمپئن شپ کے انعقاد سے ہر ٹیم کی طرح انگلینڈ کی ترجیحات بھی تبدیل ہوجائیں گی۔ ہر ٹسٹ سیریز کی اہمیت ہوتی ہے لیکن اب عالمی چمپئن شپ کے سبب یہ زیادہ بڑھ جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹسٹ کی مقبولیت میں ضرور کمی آئی ہے لیکن انگلینڈ میں یہ اب بھی مقبول ہے۔

ایشز سیریز کے تمام میچز کے ٹکٹ فروخت ہوجانا اس کا ثبوت ہے۔ ویسٹ انڈیز ٹیم کے کپتان جیسن ہولڈر نے کہا کہ چمپئن ٹسٹ کرکٹ کو نیا زاویہ دے گی۔ سری لنکائی سابق کپتان مہیلا جے وردھنے نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں تبدیلی یا انقلاب سے خوفزدہ نہیں ہونا چاہیے، چمپئن شپ کی بدولت اب ٹسٹ کرکٹ صرف باہمی سیریز کی حد تک نہیں رہ جائے گی بلکہ اب اگلے دو برس تک ہر میچ اور اس کے نتیجے کیلئے شائقین پرجوش اور منتظر رہیں گے۔ نیوزی لینڈ کے سابق کپتان ڈینیل ویٹوری نے کہا کہ ٹسٹ میچ کرکٹ میں پہلے ہی کافی کچھ موجود ہے تاہم اب ہر سیریز کی اہمیت تھوڑی زیادہ ہوجائے گی۔