دبئی ۔27 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) دنیا بھر میں کورونا وائرس کی کشیدہ صورتحال کے باعث آئی سی سی فیوچر کرکٹ ٹورنمنٹ کے بیک اپ کے بارے میں غور غوض شروع کردیا ہے۔ ورلڈ ٹی 20، ونڈے لیگ اور ٹسٹ چمپئن شپ متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ اس سال اگر ورلڈ کپ ٹی20 پروگرام کے مطابق نہیں ہوا تو اس کو اگلے ایڈیشن کے شیڈول تک ملتوی کیا جاسکتاہے۔ ٹسٹ چیمپئن شپ کے متعدد میچز ، فائنل سے قبل تمام میچزکی ونڈوز بنانا مشکل دکھائی دے رہی ہے۔ اس مرحلے پرکورونا وائرس کی باوجود ابھی تک ، آئی سی سی اس بات پر غور نہیں کررہی کہ اکتوبر میں آسٹریلیا میں ہونے والا آئی سی سی ورلڈ ٹی 20 ملتوی کردیا جائے لیکن آئی سی سی کے لئے سب سے بڑا مسئلہ یہ ہے کہ اس نے 2021 میں ہندوستان میں ٹی 20 ورلڈ کپ کروانے کا اعلان کیا ہوا ہے۔ آئی سی سی نے حتمی فیصلے کے لئے کوئی تاریخ مقرر نہیں کی، ممکنہ طور پر8 مئی کی آئی سی سی اجلاس میں اس حوالے سے تصویر مزید واضح ہوسکے گی۔ 8 سے 10مئی تک اگر حالات نے اجازت دی تو دبئی میں آئی سی سی ایگزیکٹیو کمیٹی اور بورڈ میٹنگ مقرر ہیں۔ کرکٹ کی مشہور ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق اس سال یہ ٹورنمنٹ نہیں ہوسکتا تو اس بات کے امکانات روشن ہیں کہ یہ ایونٹ کو اگلے سال کی طرف لے جا یا جائے اور پھر اگلے اکتوبر میں ہندوستان میں مقرر ٹی 20 ورلڈ کپ کو موخر کیا جاسکتا ہے۔کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹو کیون رابرٹس نے شیڈول کے مطابق ٹورنمنٹ کروانے کا اشارہ دیا ہے۔ آسٹریلیا کو ٹوئنٹی20 ورلڈ کپ کے بعد نومبر کے آخر میں افغانستان کے خلاف ایک ٹسٹ میچ ، جس کے بعد ہندوستان کے خلاف چار ٹسٹ اور تین ونڈے میچوں کی سیریز کی میزبانی بھی کرنا ہے۔ آسٹریلیا کا سیزن جنوری 2021 تک جاری رہے گا۔ اگر اس سال آسٹریلیا میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ نہیں ہوتا تو اس کے متبادل کے لئے ، آئی سی سی کوکرکٹ آسٹریلیا اور بی سی سی آئی کے ساتھ متبادل منصوبہ بنانے کی ضرورت ہوگی ، جس کے بعد بڑے فیوچر ٹور پروگرام کے ساتھ ہم آہنگ ہونے کی ضرورت ہے۔