آئی سی سی کی درجہ بندی کچرا:وان

   

لندن ۔26 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) انگلینڈ کے سابق کپتان مائیکل وان نے بین الاقوامی کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی ٹسٹ رینکنگ نظام کی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ رینکنگ کی بنیاد بالکل بے کار ہے او ر نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کو کس بنیاد پر دوسرے اور چوتھے مقام پر رکھا گیا ہے۔ وان نے سوال کرتے ہوئے کہا کہ مجھے نہیں پتہ کہ نیوزی لینڈ نے گزشتہ دو برسوں کے وقفہ میں کس طرح کئی ٹسٹ سیریز جیتی ہیں لیکن جس حساب سے اس کی درجہ بندی ہے وہ بالکل بھی صحیح نہیں ہے۔ دوسری طرف انگلینڈ پچھلے تین چار برسوں میں ٹسٹ کرکٹ جدوجہد کررہی ہے اورخاص طورپر غیرملکی میدانوں میں لیکن اس کے بعد بھی اس کا مقام تین (اب چار) ہے۔سابق کپتان نے کہاکہ انگلینڈ نے گھر پر صرف ایک سیریز جیتی ہے اورگھریلو صورتحال میں ایشیز سیریز ڈرا کھیلی۔ انگلینڈ نے صرف آئرلینڈ کو شکست دی ہے۔ مجھے لگتا ہے کہ یہ درجہ بندی الجھن سے بھری ہے۔ مجھے نہیں لگتا کہ نیوزی لینڈ اس وقت دنیا کی دوسری بہترین ٹیم ہے۔ وان نے کہا کہ ان کے حساب سے آسٹریلیا نے اچھی کارکردگی کی ہے اور درجہ بندی میں پانچواں نمبر اس کی کارکردگی سے ساتھ انصاف نہیں کرتا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں اس وقت صرف ہندوستا ن اور آسٹریلیا ہی بہترین ٹیمیں ہیں اور آسٹریلیا کو اس کے گھر میں صرف ہندوستان ہی شکست دے سکتا ہے۔
چمارا کاپوگیڈرا کرکٹ سے سبکدوش
کولمبو ۔26 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) سری لنکائی بیٹسمین چمارا کاپوگیڈرا نے تمام طرز کی کرکٹ سے سبکدوش کا باضابطہ اعلان کردیا۔ وہ آٹھ ٹسٹ ، 102 ونڈے اور 43 ٹی ٹوئنٹی میں حصہ لے سکے۔ اس وقت ڈومیسٹک سیزن میں وہ ساراسینز اسپورٹس کلب کی کوچنگ میں مصروف ہیں۔