آئی سی سی کے آئندہ اجلاس کیلئے جے شاہ نامزد

   

ممبئی۔ یکم ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) سیکریٹری بی سی سی آئی جے شاہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے اگلے اجلاس میں ہندوستان کی نمائندگی کریں گے۔ جے شاہ نے صدر بی سی سی آئی سورو گنگولی کے ساتھ 23 اکتوبر کو سیکریٹری کے عہدہ کا جائزہ حاصل کیا ہے۔ بی سی سی آئی کے سالانہ عام اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا۔ بی سی سی آئی کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے بتایا کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی عاملہ کمیٹی کا جب بھی اجلاس ہوگا، جے شاہ اس میں شرکت کریں گے۔ اجلاس کی تاریخ اور مقام کو ابھی قطعیت نہیں دی گئی ہے۔ بی سی سی آئی کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر راہول جوہری ان اجلاسوں میں بورڈ کی نمائندگی کرتے تھے۔ جب بورڈ کا انتظامیہ سپریم کورٹ کی مقررہ انتظامی کمیٹی کے کنٹرول میں تھا۔ جے شاہ مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کے فرزند ہیں۔ جے شاہ گجرات کرکٹ اسوسی ایشن کے 2013ء سے جوائنٹ سیکریٹری بھی ہیں۔ بی سی سی آئی کے سیکریٹری کی حیثیت سے جے شاہ کے تقرر کے بعد سے وہ زیادہ سرخیوں میں نہیں ہیں۔ کرکٹ حلقوں کے اندرونی ذرائع کے مطابق جے شاہ بولنا کم اور زیادہ سننے کے فارمولہ پر عمل کررہے ہیں۔