اترپردیش اسمبلی میں ایس پی رکن راگنی کا سوال، حکومت کے رویہ پر اعتراض
لکھنؤ ۔ 24 ڈسمبر (ایجنسیز) سماج وادی پارٹی کی رکن اسمبلی راگنی سونکر نے آئی لو محمدؐ نعرے کے تعلق سے اترپردیش اسمبلی میں اہم بیان دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں آئی لو کرشنا کہنے کی آزادی ہے لیکن لوگوں کو آئی لو محمد ؐ کہنے پر گرفتار کیا جارہا ہے۔ راگنی نے اسمبلی میں قومی گیت وندے ماترم کے 150 سال پر جاری مباحث میں حصہ لیتے ہوئے ریاستی حکومت کے رویہ پر سخت سوالات اٹھائے۔ انہوں نے کہا کہ مباحث محض ضابطہ کی تکمیل نہیں ہونا چاہئے بلکہ یہ سمجھنا اہم ہیکہ آیا حکومت واقعی وندے ماترم کے الفاظ کو حقیقی معنوں میں سمجھ رہی ہے اور اس کے جذبہ کے مطابق کام کررہی ہے یا نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو آئی لو محمدؐ کہنے پر جیل بھیجا جارہا ہے۔ راگنی نے کہا کہ وندے ماترم کا مطلب مادر ہندوستان کو خراج ہے لیکن کسی ماں کو اس کے بچوں کو ضرر پہنچاتے ہوئے پوجا نہیں جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں ہر روز بچوں اور نوجوانوں کو زدوکوب کیا جارہا ہے۔ سماج وادی پارٹی رکن اسمبلی نے کہا کہ ہندوستان میں آئی لو کرشنا، آئی لو جیزس، آئی لو واہے گرو کہنے کی آزادی ہے لیکن اترپردیش میں بچوں کو آئی لو محمدؐ کہنے پر گرفتار کیا جارہا ہے۔ راگنی نے بیروزگار کا مسئلہ بھی اٹھایا اور حکومت کی پالیسیوں پر سوال کرتے ہوئے کہا کہ آج ریاست کے نوجوانوں کو روزگار پوچھنے پر تشدد کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت دلت اموات کی تعداد چھپا رہی ہے۔
