نئی دہلی ۔ 28جنوری ( سیاست ڈاٹ کام) دہلی کے وزیراعلیٰ اروند کجریوال نے منگل کے روز ایک اہم بیان دیتے ہوئے کہا کہ بی جے پی ایسے آٹو رکشہ ڈرائیورس کو نشانہ بنارہی ہے جنہوں نے اپنے رکشاؤں پر ’’ آئی لو کجریوال‘‘ پینٹ کر رکھا ہے ۔ ایسے آٹو رکشا ڈرائیورس پر بھاری جرمانے عائد کئے جارہے ہیں ۔ اس موقع پر انہوں ایک ایسے آٹو رکشہ ڈرائیور کا تذکرہ کیا جس پر100 یا 200روپئے نہیں بلکہ پورے 10,000 روپئے کا جرمانہ عائد کیا گیا تھا ۔ کجریوال نے بی جے پی سے خواہش کی کہ وہ غریبوں کو نشانہ نہ بنائے کیونکہ پولیس کے ذریعہ آٹو رکشا ڈرائیورس کے خلاف جعلی چالانات بنائے جارہے ہیں جبکہ اُن کی غلطی صرف اتنی ہے کہ وہ کجریوال کو پسند کرتے ہیں ، چاہتے ہیں جس کا اظہار انہوں نے آٹو رکشا پر ایک پینٹ کے ذریعہ کیا ہے ۔ ہندی زبان میں ٹوئیٹ کرتے ہوئے کجریوال نے بی جے پی سے کہا کہ وہ غریبوں سے انتقاڈ لینا چھوڑ دے۔