احمد آباد 11 جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) سی بی آئی کی ایک خصوصی عدالت نے بی جے پی کے سابق رکن پارلیمنٹ ڈینو بوگھا سولنکی اور چھ دوسروں کو ایک آر ٹی آئی کارکن کے قتل کے الزام میں عمر قید کی سزا سنائی ہے ۔ یہ قتل 2010 میں ہوا تھا جب آر ٹی آئی کارکن نے غیر قانونی کانکنی کی سرگرمیوں کا پردہ فاش کرنے کی کوشش کی تھی ۔ خصوصی سی بی آئی جج کے ایم داوے نے مسٹر سولنکی اور ان کے بھانجے پر فی کس 15 لاکھ روپئے جرمانہ بھی عائد کیا ہے ۔ فیصلہ سناتے ہوئے عدالت نے سولنکی ‘ ان کے بھانجے شیوا سولنکی اور دوسروں کو قتل اور سازش کا مجرم قرار دیا ہے ۔ سولنکی 2009 سے 2014 تک جونا گڑھ کے رکن پارلیمنٹ رہے تھے ۔ آج جن دوسروں کو سزائیں سنائی گئیں ان میںشیلیش پانڈیا ‘ بہادر وادھیر ‘ پنچن جی دیسائی ‘ سنجے چوہان اور اداجی ٹھاکر شامل ہیں۔ عدالت نے تمام سات ملزمین کو قتل کا مجرم قرار دیدیا تھا جن کی سزاوں کا آج اعلان کیا گیا ہے ۔