فلاحی اسکیموں سے محروم کرنے کی سازش، سڑکوں پر احتجاج شروع کرنے حکومت کو انتباہ
حیدرآباد ۔یکم اپریل (سیاست نیوز) تلنگانہ جاگرتی کی صدر سابق ایم ایل سی کے کویتا نے حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ان افراد کے راشن کارڈس منسوخ کئے جار ہے ہیں جنہوں نے انکم ٹیکس ریٹرن داخل کیا ہے یا معمولی خانگی ملازمتیں کر رہے ہیں ۔ آج بنجارہ ہلز میں جاگرتی کے آفس پر ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کے کویتا نے کہا کہ مختلف بہانوں کے ذریعہ عوام غریب و متوسط طبقات کے افراد کو فلاحی اسکیمات سے محروم کر رہی ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ایک طرف کانگریس حکومت نئے راشن کارڈس جاری کرنے کا دعویٰ کر رہی ہے تو دوسری طرف بڑے پیمانے پر راشن کارڈس منسوخ کئے جارہے ہیں ۔ کویتا نے حکومت کو سخت انتباہ دیتے ہوئے کہا کہ راشن کارڈس کی منسوخی کا سلسلہ جاری رہا تو اس کے خلاف سخت احتجاج کیا جائے گا ۔ تلنگانہ جاگرتی کی سربراہ نے ملازمتوں کے معاملہ پر بھی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ مختلف جی اوز کے ذریعہ بیروزگار نوجوانوں کیلئے ملازمتوں کے مواقع محدود کئے جار ہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈگری لکچرس، ڈی ایس سی گروپس سرویس ، پولیس اور گروکل بھرتیوں میں جی او نمبرات 81- 46-29-4 اور 104 رکاوٹ بن رہے ہیں ۔ ان جی اوزکو فوری منسوخ کرنے کا حکومت سے مطالبہ کیا ۔ کویتا نے کہا کہ کانگریس نے انتخابات میں دو لاکھ سرکاری ملازمتیں دینے اور جاب کیلنڈر جاری کرنے کا وعدہ کیا تھا مگر اب تک اس پر عمل آوری نہیں ہوئی ۔ 9 ماہ قبل منعقد ہونے والے نرسنگ امتحانات کے نتائج اب تک جاری نہیں کئے گئے ۔ حکومت نے ماؤں کو دی جانے والی مالی امداد اور کٹس بند کردی گئی ہے جبکہ آنگن وا ڑی ورکرس کو تنخواہیں بھی بروقت ادا نہیں کی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر 7 ہزار کروڑ روپئے فیس ریمبرسمنٹ کے لئے مختص کئے گئے تھے تو وہ طلبہ تک کیوں نہیں پہنچ رہے ہیں جبکہ دوسری جانب موسیٰ ندی پراجکٹ کیلئے بھاری رقم مختص کی جارہی ہے ۔ کویتا نے کہا کہ ریاست میں 30 سے 40 لاکھ خاندان کے نوجوان مسابقتی امتحانات کی تیاری کر رہے ہیں مگر حکومت کے پاس ان کے مستقبل پر توجہ دینے کا وقت نہیں ہے ۔ 2
بی آر ایس رکن اسمبلی کوشک ریڈی کو سی آئی ڈی کی نوٹس
حیدرآباد ۔یکم اپریل (سیاست نیوز) سی آئی ڈی عہدیداروں نے حضور آباد کے بی آر ایس رکن اسمبلی پی کوشک ریڈی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 4 اپریل کو تحقیقات کیلئے حاضر ہونے کی ہدایت دی ۔ سمکا سارالما جاترا کے موقع پر رکن اسمبلی پر رکاوٹیں کھڑی کرنے کا الزام ہے۔ پولیس کے مطابق 29 جنوری کو حضور آباد میں احتجاج کرتے ہوئے کوشک ریڈی نے جاترا کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کی تھی ۔ احتجاج کے نتیجہ میں یاتریوں کو دشواریاں پیش آئیں۔ 1