آئی ٹی پراجکٹ کے بارے میں کے ٹی آر کے دعوے گمراہ کن

   


پارلیمنٹ میں آواز کیوں نہیں اٹھائی گئی، کانگریس ترجمان شراون کا سوال
حیدرآباد۔ اے آئی سی سی کے قومی ترجمان ڈاکٹر شراون نے وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ پر آئی ٹی آئی آر پراجکٹ کے بارے میں عوام کو گمراہ کرنے کا الزام عائد کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایم ایل سی انتخابات سے قبل کے ٹی آر نے پراجکٹ کے سلسلہ میں مرکزی حکومت کو کٹھہرے میں کھڑا کرنے کی کوشش کی ہے۔ کے ٹی آر کی جانب سے وزیر فینانس نرملا سیتا رامن کو روانہ کردہ مکتوب کا حوالہ دیتے ہوئے شراون نے کہاکہ پراجکٹ کی عدم منظوری کیلئے تلنگانہ حکومت مساوی ذمہ دار ہے۔ انہوں نے کہا کہ گریجویٹ رائے دہندے سمجھدار ہوتے ہیں اور وہ انفارمیشن ٹکنالوجی کی ترقی کے بارے میں غلط اعداد و شمار کو باآسانی سمجھ سکتے ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ روزگار کی فراہمی اور آئی ٹی ایکسپورٹ کے بارے میں کے ٹی آر کے دعوے گمراہ کن ہیں۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے اسمبلی اور اس کے باہر اعلان کیا تھا کہ آئی ٹی آئی آر اور دیگر پراجکٹس سے نوجوانوں کیلئے روزگار کے مواقع میں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر اور وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی دونوں پراجکٹ کے حصول میں سنجیدہ نہیں ہیں۔ پارلیمنٹ کے حالیہ اجلاس میں ٹی آر ایس کے ایک بھی رکن پارلیمنٹ نے آئی ٹی آئی آر کا مسئلہ نہیں اٹھایا۔