آئی ٹی پروفیشنلس نے نائیڈو کی حمایت میں احتجاج کیا

   

وپرو سرکل پر ٹریفک جام، پولیس نے چند احتجاجیوں کوحراست میں لے لیا
حیدرآباد ۔ 13 ستمبر (سیاست نیوز) آئی ٹی پروفیشنلس اور مداحوں نے تلگودیشم پارٹی کے قومی سربراہ و سابق چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے وپرو سرکل گچی باؤلی پر احتجاجی دھرنا منظم کیا۔ تقریباً 1000 افراد اپنے ہاتھوں میں پلے کارڈس اور بیانرس لئے ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے نعرے بازی کی جس کی وجہ سے تھوڑی دیر کیلئے کشیدگی پھیل گئی اور ٹریفک جام ہوگئی۔ احتجاجی پروفیشنلس اسکیل ڈیولپمنٹ اسکام میں سابق چیف منسٹر کی گرفتاری کو سیاسی انتقام قرار دیتے ہوئے کہا کہ نائیڈو نے آئی ٹی انقلاب لانے میں غیرمعمولی رول ادا کیا ہے۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چندرا بابو نائیڈو کی دوراندیشی کی وجہ سے حیدرآباد کی ملٹی نیشنل کمپنیوں میں نوجوانوں کو اعلیٰ درجے کی ملازمتیں حاصل ہوئی ہیں۔ سیاسی مفاد پرستی کیلئے نائیڈو کے خلاف جھوٹے من گھڑت الزامات عائد کرتے ہوئے انہیں گرفتار کیا گیا ہے۔ آئی ٹی پروفیشنلس کے احتجاج سے ٹریفک جام ہوگئی، جس پر پولیس کی بھاری جمعیت وپرو سرکل پہنچ گئی اور چند احتجاجیوں کو حراست میں لے لیا اور حالت پر قابو پالیا۔ اس احتجاج میں مصروف ترین آئی ٹی ہب میں ٹریفک مسائل پیدا ہوگئے۔ بعدازاں پولیس نے ٹریفک مسائل کو حل کیا۔ن