آئی ٹی کاریڈار میں حالات معمول پر ‘ کوئی دہشت نہیں

   

حیدرآباد 9 مارچ ( سیاست نیو ز) تلنگانہ فیسیلیٹیز مینجمنٹ کونسل کے بموجب آئی ٹی کاریڈار میں کام کاج معمول کے مطابق چل رہا ہے اور خوفزدہ ہونے کی کوئی ضرورت نہیں ہے ۔ کونسل کے صدر ستیہ نارائنا مٹھالہ نے کہا کہ یہاں تقریگبا 400 رکنی ٹیم ہے جو آئی ٹی دفاتر کی پرسکون کارکردگی کو یقینی بناتی ہے ۔ اس نے مطلع کیا ہے کہ آئی ٹی کمپنیاں معمول کے مطابق کام کر رہی ہیںاور اب یہاں کوئی خوف کا ماحول نہیں ہے ۔ یہ رپورٹ مختلف کمپنیوں سے ملنے والی رپورٹس اورا طلاعات کی بنیاد پر سامنے آئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ فیسیلیٹیز مینجمنٹ کی ٹیم کے ارکان اپنے اپنے شعبہ میں مہارت رکھتے ہیں اور وہ اس بات کو یقینی بنانے کی کوشش کر رہے ہیں کہ سارے آئی ٹی کاریڈار کا ماحول پاک صاف ہو ‘ یہاں کسی طرح کی گندگی نہ ہو اور یہاں صفائی کا خاص خیال رکھا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب مل کر کورونا وائرس کا مقابلہ کرسکتے ہیں۔ آئی ٹی ملازمین کو اس تعلق سے چوکس اور الرٹ رہنے کی ضرورت ہے اور انہیں چاہئے کہ وہ دوسروں کو بھی اس تعلق سے چوکس رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں افواہیں پھیلنے کی اجازت نہیں دینی چاہئیں۔ ہمیں افواہوں کو پھیلانے یا سنی سنائی باتوں کو آگے بڑھانے سے بھی گریز کرنا چاہئے ۔ پہلے کسی بھی اطلاع کو مصدقہ ذرائع جیسے پولیس ‘ طبی اور سرکاری حکام سے توثیق کرنے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تمام شہریوں اور آئی ٹی ماہرین کو چاہئے کہ وہ اس مسئلہ پر متحد اور مستحکم رہیں اور سنجیدگی کا مظاہرہ کریں۔ خوف و دہشت پھیلانا یا پھر افواہیں پھیلاکر ملازمین کے حوصلے پست کرنا صنعت کیلئے نقصان دہ ہوگا ۔ اگر ایسا ہوتا ہے تو آئی ٹی کاروبار متاثر ہوگا اور اسی پر سینکڑوں خاندانوں کا انحصار ہے ۔