آئی ٹی کاریڈر کا افتتاح ضلع محبوب نگر کیلئے تاریخی دن

   

اندرون 2 تا 3 سال ہزاروں ملازمتیں یقینی، ریاستی وزراء کے ٹی آر اور سرینواس گوڑ کا خطاب

محبوب نگر۔/6 مئی، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) آئی ٹی کاریڈر کے قیام سے محبوب نگر کا نقشہ ہی تبدیل ہوگیا ہے۔ آئندہ 2 تا3 سال میں ہزاروں ملازمتوں کی فراہمی یقینی ہے۔ ریاستی وزیر آئی ٹی و بلدی نظم و نسق کے ٹی راما راؤ نے آج امرراجا کمپنی کے مینجمنٹ کے تحت 9500 کروڑ کی لاگت سے گیگا فیکٹری کا سنگ بنیاد رکھتے ہوئے کیا۔ وہ محبوب نگر کے ڈیوٹی پلی میں آئی ٹی کاریڈر کا افتتاح کررہے تھے۔ کے ٹی آر نے ڈیوٹی پلی تا آئی ٹی کاریڈر جانے والی 100 فیٹ کی سڑک جو 40 کروڑ کے صرفہ سے تعمیر کی جارہی ہے کے کاموں کا بھی افتتاح کیا۔ کے ٹی آر نے کہا کہ ملک میں 80 کروڑ نوجوان بے روزگار ہیں ان تمام کو سرکاری ملازمتوں کی فراہمی ممکن نہیں ۔ سرکاری اور خانگی اداروں کے اشتراک سے صنعتیں قائم ہوتی ہیں اور کامیابی کے ساتھ ملازمتوں کی فراہمی ممکن ہے۔ انہوں نے حیدرآباد آئی ٹی سیکٹر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ آئی ٹی سیکٹر کے قیام کے وقت 3 لاکھ 20 ہزار ملازمین تھے جو بڑھتے بڑھتے اب 10 لاکھ ہوچکے ہیں۔ صنعتوں کے قیام سے اطراف کے مواضعات کے نقشے ہی تبدیل ہوجاتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ امر راجا کمپنی کے بیاٹریز کی تیاری سے ہرگز آلودگی پیدا نہیں ہوتی، بعض لوگ اس تعلق سے گمراہ کررہے ہیں۔ ریاستی وزیر آبکاری وی سرینواس گوڑ نے اس موقع پر مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آج کا دن محبوب نگر کیلئے تاریخی دن ہے۔ آئی ٹی کاریڈر کا خواب پورا ہونے جارہا ہے۔ گورنمنٹ بوائز جونیر کالج گراونڈ میں جلسہ کی صدارت کررہے سرینواس گوڑ نے اپوزیشن جماعتوں کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔ کے ٹی آر نے اس تعلق سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وزیر آبکاری کی برہمی واجبی ہے۔ اپوزیشن کو ریاست کی ترقی ہضم نہیں ہورہی ہے۔ انہوں نے بی جے پی اور کانگریس کا نام لئے بغیر کہا کہ 10 برس تک اقتدار پر رہ کر ضلع کے عوام کو پانی نہیں دے سکے اور مذہب کے نام پر سیاست کرنے والے کبھی ترقی نہیں دے سکتے۔ ہم بلا لحاظ مذہب یکساں ترقی کا نشانہ لئے کام کررہے ہیں۔ کے ٹی آر نے شلپا رامم کا افتتاح کیا جبکہ بڑے تالاب پر جاری ترقیاتی کاموں کا بھی معائنہ کیا اور امبیڈکر سرکل پر بھی کاموں کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر رکن پارلیمنٹ محبوب نگر منے سرینواس ریڈی، ضلع پریشد چیرپرسن سورنا سدھاکر ریڈی، پرنسپل سکرٹری جیش رنجن، اسپیشل سکریٹری وشنو وردھن ، ضلع کلکٹر روی نائیک، ٹی ایس آئی آئی سی کے ایم ڈی نرسمہا ریڈی، ارکان اسمبلی ڈاکٹر لکشما ریڈی، آلا وینکٹیشور ریڈی، جئے پال یادو، بی کرشنا موہن ریڈی، ایم ایل سی دامودھر ریڈی، ضلع ایس پی نرسمہا، ریاستی مائناریٹی فینانس کارپوریشن چیرمین محمد امتیاز اسحاق، زرعی مارکٹ کمیٹی چیرمین محمد عبدالرحمن، میونسپل چیرمین کے نرسمہلو، خواجہ فیاض الدین ، انور پاشاہ، محمد تقی حسین قادری نقشبندی صدر عیدگاہ کمیٹی، محمد احمد شاہ، محمد انور حسین، محمد حنیف احمد سینئر بی آر ایس قائد محمد محسن، محمد محسن خان کنوینر کل جماعتی مسلم قائدین رابطہ کمیٹی، حافظ ادریس، کونسلران بلدیہ و دیگر قائدین موجود تھے۔