آئی ٹی کمپنیاں ملازمین کی تخفیف نہ کریں

,

   

ریاستی وزیر کے ٹی آر کی اپیل ۔ مکتوب کی روانگی
حیدرآباد 17 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) ریاستی وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی و بلدی نظم و نسق کے ٹی راما راو نے آئی ٹی کمپنیوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے ملازمین کی تخفیف نہ کریں چاہے وہ باقاعدہ ملازمین ہوں یا کنٹراکٹ ملازم ہوں یا آوٹ سورس ملازم ہوں۔ کے ٹی راما راو نے آئی ٹی کمپنیوں کے نام جاری کردہ اپنے ایک مکتوب میں کہا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے معیشت کے کئی شعبوں کو سخت مشکلات کا سامنا ہے ۔ تلنگانہ میں حکومت اور خانگی شعبہ کے علاوہ مخیر افراد اور کچھ فلاحی تنظیموں کی جانب سے ضرورتمند افراد کی مدد کا سلسلہ جاری ہے ۔ چیف منسٹر کے سی آر کی قیادت میں سارا نظم و نسق اس مشکل صورتحال سے نمٹنے میں مصروف ہے ۔ کے ٹی آر نے اپنے مکتوب میں کہا کہ وہ صنعتی شعبہ کو درپیش مشکلات سے بھی واقف ہیں جو لاک ڈاون کی وجہ سے متاثر ہوا ہے ۔ پیداوار میں کمی ہوئی ہے ‘ مالیہ کم ہوگیا ہے اور مارکٹ میں گراوٹ بھی آئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ مشکل کے اس وقت میں آئی ٹی کمپنیوں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ کئی برسوں سے ان کے ساتھ کام کر رہے ملازمین کے ساتھ رحم دلی کا مظاہرہ کریں اور کسی بھی ملازم کو روزگار سے محروم نہ کیا جائے چاہے صورتحال کیسی ہی ہو۔ انہوں نے کہا کہ آئی ٹی کمپنیاں وغیرہ اخراجات میں کمی کیلئے دوسرے اقدامات کرسکتی ہیں تاہم انہیں ملازمین کی تخفیف کرنے سے گریز کرنا چاہئے ۔