آئی ٹی کمپنیوں میں برسرکار خاتون ملازمین کی سہولت کیلئے

   

آر ٹی سی کی ’میٹرو اکسپریس لیڈیز اسپیشل‘ بس سرویس

حیدرآباد 30 جولائی (سیاست نیوز) شہر حیدرآباد میں آئی ٹی کمپنیوں میں برسر کار بس میں سفر کرنے والی خواتین اور لڑکیوں کی سہولت کے لئے تلنگانہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن (ٹی ایس آر ٹی سی) نے آئی ٹی کاریڈر کو خصوصی ’’میٹرو اکسپریس لیڈیز اسپیشل‘‘ بس چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ایک اندازہ کے مطابق یہاں آئی ٹی کمپنیوں میں 5 لاکھ ملازمین کام کرتے ہیں اور ان میں کئی خاتون ملازمین جے این ٹی یو اور ویوراک کے درمیان بس میں سفر کرتی ہیں۔ آر ٹی سی عہدیداروں نے کہاکہ خاتون مسافرین کو دفتر کے اوقات میں سہولت بخش سفر کیلئے ایک پائلیٹ پراجکٹ کے طور پر جے این ٹی یو تا ویوراک خصوصی میٹرو اکسپریس لیڈیز اسپیشل چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ یہ بس براہ فورم / نیکسیس مال، ہائی ٹیک سٹی، مائینڈ اسپیس، رائے درگ، بائیو ڈائیورسٹی پارک، گچی باؤلی ایکس روڈ، اندرا نگر، آئی آئی ٹی ایکس روڈ، وپرو سرکل اور آئی سی آئی سی آئی ٹاورس سے گزرے گی جس کا آغاز 31 جولائی سے ہورہا ہے۔ آر ٹی سی کے مطابق ابتداء میں روزانہ یہ بس صبح 9.05 بجے جے این ٹی یو سے ویوراک کی سمت روانہ ہوگی اور شام 5.50 بجے ویوراک سے جے این ٹی یو کیلئے روانہ ہوگی۔ عہدیداروں نے کہاکہ اس کی پذیرائی کی اساس پر اس روٹ پر مزید سرویسس شروع کی جائیں گی۔ باچوپلی، ای سی آئی ایل، اپل، میڑچل، شاہ میرپیٹ اور میڑی پلی اور دوسرے علاقوں کے آئی ٹی ملازمین کی جانب سے بھی آئی ٹی کاریڈر میں بسوں کو چلانے کی درخواست کی جارہی ہے۔