آئی ٹی کمپنیوں میں دفاتر سے کام کی تیاریاں

   

Ferty9 Clinic

ابتداء میں 30 فیصد اسٹاف کی دفاتر طلبی کا امکان
حیدرآباد۔ اب جبکہ کورونا انفیکشن کی شدت میں کمی آئی ہے آئی ٹی دفاتر میں اپنے ملازمین کو دفتر طلب کرنے کی تیاریاں شروع کردی گئی ہیں۔ حالانکہ اب بھی مکمل اسٹاف کو دفتر بلانا آسان نہیں ہوگا تاہم کئی دفاتر میں 30 فیصد ملازمین کے ساتھ کام کا آعاز کرنے کی تیاریاں شروع کردی گئی ہیں اور ایسا طریقہ کار اختیار کیا جائیگا جس میں کچھ ملازمین کو گھر سے کام کرنے کی سہولت اب بھی فراہم رہے گی ۔ حکومت تلنگانہ نے دوسری جانب مختلف کمپنیوں ‘ آئی ٹی ورک ایکو سسٹم ذمہ داران اور دوسروں سے مشاورت شروع کردی ہے تاکہ ان میں دفاتر سے کام کاج کو بحال کرنے ان میں اعتماد پیدا کیا جاسکے ۔ چونکہ ریاست میں ٹیکہ اندازی مہم کو آگے بڑھایا جا رہا ہے ایسے میں کئی ملازمین نے ٹیکے کے دونوں خوراک حاصل کرلئے ہیں۔ کمپنیوں ‘ ملازمین فراہم کرنے والوں اور کنٹراکٹرس کی جانب سے ملازمین کی ذہن سازی کی جا رہی ہے کہ وہ ٹیکے لیں اور دفاتر سے کام کرنے تیار ہوجائیں۔ تلنگانہ فیسیلیٹی مینجمنٹ کونسل کے صدر ایم ستیہ نارائنا نے کہا کہ فیسیلیٹی مینجمنٹ خدمات آئی ٹی دفاتر کے کام کاج کیلئے ریڑھ کی ہڈی کی طرح ہیں۔ ہم اس بات کو یقینی بنانے کام کر رہے ہیں کہ لوگ کام کیلئے دفاتر آئیں۔ ان کے دفاتر آنے سے دوسرے کئی شعبہ جات پر مثبت اثر ہوگا ۔ اس کونسل کے چار سو سے زائد ارکان ہیں۔ کہا جا رہا ہے کہ ورک فرم ہوم کی سہولت کے پیش نظر کئی ملازمین آبائی مقامات کو روانہ ہوگئے ہیں اور جب کبھی وہ صورتحال کے متعلق مطمئن ہوجائیں گے تبھی وہ واپسی پر غور کریں گے ۔