امن و ضبط کی صورتحال قابو میں، ایوارڈ تقریب سے چیف منسٹر ریونت ریڈی کا خطاب
حیدرآباد 5 مئی (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے خدمات کی انجام دہی کے دوران فوت ہونے یا کسی ناگہانی موت کی صورت میں آئی پی ایس عہدیداروں کے پسماندگان کو 2 کروڑ روپئے مالی امداد کا اعلان کیا۔ ملازمین پولیس کو ایوارڈس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف منسٹر نے کہاکہ ایڈیشنل ایس پی اور ایس پی رتبہ کے عہدیداروں کے فوت ہونے پر پسماندگان کو 1.5 کروڑ کی مالی امداد دی جائے گی۔ اُنھوں نے کہاکہ پولیس عہدیداروں کی کسی ناگہانی صورتحال میں موت پر حکومت کی جانب سے اُن کے پسماندگان کا ہرممکن تحفظ کیا جائے گا۔ اُنھوں نے کہاکہ پسماندگان کو مستقل طور پر حکومت کی جانب سے امداد کی فراہمی کی تجویز ہے۔ پولیس عہدیداروں اور ملازمین کے بچوں کی بہتر تعلیم کے لئے ینگ انڈیا پولیس اسکول قائم کیا گیا ہے۔ ہوم گارڈ سے لے کر اعلیٰ عہدیداروں تک کے بچے اِس اسکول میں تعلیم حاصل کرسکتے ہیں۔ کارپوریٹ سطح کی تعلیم کا اہتمام کیا گیا ہے۔ 50 ایکر اراضی پر اسکول قائم کیا جارہا ہے۔ اُنھوں نے محکمہ پولیس کو حکومت کی جانب سے ہرممکن مدد کا بھروسہ دلایا۔ چیف منسٹر نے کہاکہ فوج سرحدوں کی حفاظت کرتی ہے جبکہ تلنگانہ پولیس ریاست میں امن و ضبط کی برقراری میں اہم رول ادا کررہی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ امن و ضبط کی صورتحال قابو میں ہے جس کے نتیجہ میں تلنگانہ میں عالمی اداروں نے سرمایہ کاری میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔ چیف منسٹر نے کہاکہ بہتر خدمات انجام دینے والے عہدیداروں اور ملازمین کی حوصلہ افزائی کے لئے ایوارڈس کی پیشکشی قابل ستائش ہے۔ تقریب میں وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر، ڈائرکٹر جنرل جیتندر، کمشنر پولیس سی وی آنند اور دیگر عہدیداروں نے شرکت کی۔1