آئی پی ایس عہدیداروں کے تبادلوں کا امکان

   

حیدرآباد ۔ 5فبروری ( سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں آئی اے ایس عہدیداروں کے بڑے پیمانے پر تبادلوں کے بعد اب آئی پی ایس عہدیداروں کے ردوبدل کی تیاریاں شروع ہوگئی ہیں ۔ قیاس کیا جارہا ہے کہ پولیس کمشنر حیدرآباد انجنی کمارکاتبادلہ کرتے ہوئے انہیں ٹی ایس آر ٹی سی کا منیجنگ ڈائرکٹر بنائے جانے کی امید ہے جبکہ ریاست کے سینئر آئی پی ایس عہدیدار بی شیوادھر ریڈی ، ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل آف پولیس ( پرسنل) کو پولیس کمشنر حیدرآباد بنائے جانے کا امکان ہے ۔ یہ بھی کہا جارہا ہے کہ انسپکٹر جنرل ورنگل زون وائی ناگی ریڈی کا بھی تبادلہ کیا جائے گا جب کہ انسپکٹر جنرل آف پولیس ویسٹ زون اسٹیفن رویندرا کو پولیس کمشنر رچہ کنڈا بنایا جاسکتا ہے ۔ اسی طرح ریاست تلنگانہ کے دیگر کمشنریٹ بشمول کریم نگر ، کھمم ، نظام آباد ، راما گنڈم ، سدی پیٹ میں بھی ردوبدل کیا جاسکتا ہے ۔بتایا جاتا ہے کہ ڈپٹی کمشنر آف پولیس ساؤتھ زون کی حیثیت سے ڈی سی پی ایل بی نگر مسٹر سنپریت سنگھ مقرر کیا جاسکتا ہے ۔ حالانکہ سوشل میڈیا پر آئی پی ایس عہدیداروں کے تبادلوں کی ایک فہرست گشت کررہی ہے لیکن پولیس کے اعلیٰ عہدیدار اس سلسلہ میں کوئی تصدیق نہیں کی۔ریاست میں گزشتہ ہفتہ بڑے پیمانے پر آئی اے ایس عہدیداروں کے تبادلے کئے گئے تھے۔